مسلم لیگ (ن) کی قیادت میں پاکستان نے ہر دور میں تعمیر و ترقی کا سفر جاری رکھا ہے،شیخ آفتاب احمد

اتوار 14 ستمبر 2025 18:00

اٹک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 ستمبر2025ء) رکن قومی اسمبلی و ممبر سپریم جوڈیشل کمیشن شیخ آفتاب احمد نے چائنہ چوک تا بروتھا ڈیم روڈ کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت میں پاکستان نے ہر دور میں تعمیر و ترقی کا سفر جاری رکھا ہے، قائد مسلم لیگ (ن) محمد نواز شریف نے پاکستان کو دنیا کی ساتویں اور اسلامی دنیا کی پہلی ایٹمی قوت بنایا، موٹروے کا جال بچھایا، بجلی کی لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا اور معیشت، تجارت، صنعت اور زندگی کے ہر شعبے میں ترقی کی بنیاد رکھی، انہوں نے کہا کہ حالیہ پاک بھارت کشیدگی میں پاک فوج نے افواج پاکستان کے سپہ سالار فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کی قیادت میں چند گھنٹوں میں بھارت کو عبرتناک شکست دے کر دنیا بھر میں پاکستان کا وقار بلند کیا، جس پر پوری قوم اپنے بہادر سپاہیوں اور قیادت کو خراج تحسین پیش کرتی ہے، شیخ آفتاب احمد نے مزید کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں مرکز، پنجاب اور خصوصاً ضلع اٹک میں بڑے پیمانے پر ترقیاتی منصوبوں کا آغاز کیا گیا ہے، چائنہ چوک تا بروتھا ڈیم روڈ سمیت دیگر منصوبے عوامی فلاح و بہبود کا عملی مظہر ہیں، جو نہ صرف مقامی لوگوں کو سہولتیں فراہم کریں گے بلکہ معاشی و سماجی سرگرمیوں کو بھی فروغ دیں گے،تقریب سے سابق چیئرمین بلدیہ اٹک ناصر محمود شیخ، سابق ممبر ضلع کونسل احسن خان غورغشتی، چیئرمین بروتھا کالونی سردار حمید خان، ضلعی سینئر نائب صدر مسلم لیگ (ن) حاجی محمد یعقوب خان اور دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا، اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے ضلعی رہنما، معززین علاقہ اور بڑی تعداد میں عوام الناس شریک تھے۔