اسٹیوٹا نے نابالغ قیدیوں کی اصلاح اور بحالی کیلئے جدید ہنر سکھانے کا منصوبہ شروع کردیا

اتوار 14 ستمبر 2025 18:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 ستمبر2025ء) اسٹیوٹا نے نابالغ قیدیوں کی اصلاح اور بحالی کیلئے بڑا قدم اٹھاتے ہوئے جدید ہنر سکھانے کا منصوبہ شروع کردیا ہے۔اتوار کو جاری اعلامیہ کے مطابق اس حوالے سے سینٹرل جیل کراچی میں اسٹیوٹا اور تصور امید فائونڈیشن کے درمیان باقاعدہ یادداشتِ مفاہمت (ایم او یو) پر دستخط کیے گئے۔وزیراعلی سندھ کے معائون خصوصی و چیئرپرسن اسٹیوٹا جنید بلند نے ایم او یو پر دستخط کے بعد سینٹرل جیل کا دورہ کیا اور قیدی بچوں سے ملاقات کی۔

اس موقع پر انہوں نے اعلان کیا کہ سندھ کی 14جیلوں میں قید 24ہزار سے زائد نابالغ قیدیوں کو فنی تربیت فراہم کی جائے گی تاکہ وہ رہائی کے بعد معاشرے میں باعزت روزگار حاصل کرسکیں۔انہوں نے کہا کہ ہم بچوں کو جدید ہنر سکھانے کا منصوبہ شروع کر رہے ہیں، پیغام پاکستان کے تحت 17 سے زائد فنی شعبے فعال کیے جا رہے ہیں جن میں مختلف ہنر اور ٹیکنیکل کورسز شامل ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نابالغ قیدیوں کو ہنر مند بنا کر معاشرے کا کارآمد شہری بنایا جائے گا۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ غربت اور جرائم کے خاتمے کا واحد ذریعہ تعلیم اور ہنرمندی ہے۔جنید بلند نے اس موقع پر شہید بے نظیر بھٹو کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو ہنر مند بنانے کا اقدام انہوں نے شروع کیا تھا، جسے آج چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں عملی جامہ پہنایا جا رہا ہے۔