محکمہ موسمیات کی رواں ہفتے ملک کے بالائی علاقوں میں تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش کی پیشگوئی

پیر 15 ستمبر 2025 13:45

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 ستمبر2025ء) محکمہ موسمیات نے رواں ہفتے کے دوران ملک کے بالائی علاقوں میں تیز ہواؤں،آندھی اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش کی پیشگوئی کی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرہ عرب سے درمیانی شدت کی مر طو ب ہوا ئیں ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں۔ ایک مغربی ہواؤں کا سلسلہ 15 ستمبر (شام/رات) سے ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے جو 19 ستمبر تک برقرار رہ سکتا ہے،اس کے زیر اثرخیبر پختونخوا میں16سے19 ستمبر کے دوران دیر، چترال، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، بونیر، ملاکنڈ، باجوڑ، مہمند، کوہاٹ، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، مردان، صوابی، خیبر، اورکزئی، کرم، ہنگو، کرک اور وزیرستان میں تیز ہواؤں،آندھی اورگرج چمک کے ساتھ وقفےوقفے سےبارش کی توقع ہے۔

(جاری ہے)

کشمیر ، گلگت بلتستان میں15(شام/رات) سے19 ستمبر کے دوران کشمیر (وادی نیلم، مظفرآباد، راولا کوٹ، پونچھ، ہٹیاں، باغ، حویلی، سدھنوتی، کوٹلی، بھمبر، میرپور) میں کہیں کہیں تیز ہواؤں،آندھی اورگرج چمک کے ساتھ وقفےوقفے سےبارش کی توقع ہےجبکہ 16اور 18 ستمبر کے دوران چند مقامات پر تیز،موسلادھار بارش کی بھی توقع ہے ۔16 سے 19 ستمبر کے دوران گلگت بلتستان (دیامر، استور، غذر، سکردو، ہنزہ، گلگت، گانچھے، شگر) میں چند مقامات پر تیز ہواؤں،آندھی اورگرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

پنجاب ، اسلام آباد میں16 سے 19 ستمبر کے دوران اسلام آباد،راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال اورجہلم میں تیز ہواؤں،آندھی اورگرج چمک کے ساتھ وقفےوقفے سےبارش کی توقع ہےجبکہ 18 اور 19 ستمبر کے روز منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، وزیرآباد، لاہور، قصور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، میانوالی، خوشاب، سرگودھا ، جھنگ ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور فیصل آباد میں تیز ہواؤں،آندھی اورگرج چمک سےبارش کا امکان ہے ،اس دوران چند مقامات پر موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے۔

سندھ میں صوبے کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک ر ہنے کا امکان ہےجبکہ ساحلی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہے گا۔بلوچستان میں صوبے کے بیشتر علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود اور موسم مرطوب رہنے کا امکان ہے۔ممکنہ اثرات اور احتیاطی تدابیر کے پیش نظر آندھی ، جھکڑ چلنے، ژالہ باری اورگرج چمک کے باعث روزمرہ کے معمولات متاثر ہونے ، کمزور انفرا سٹرکچر ( کچے گھر،دیواریں ،بجلی کے کھمبے، بل بورڈز، گاڑیوں سولر پینل وغیرہ کو نقصان کا اندیشہ ہے۔

موسلادھار بارش کے باعث خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں، گلگت بلتستان، مری ، گلیات اور کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ ہونے کا حد شہ ہے۔18اور 19 ستمبر کو موسلادھار بارش کے باعث دیر، سوات، شانگلہ، بونیر، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، چارسدہ، نوشہرہ، صوابی، مردان، مری، گلیات، اسلام آباد،راولپنڈی اورکشمیر کے مقامی ، بر ساتی ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کی توقع ہے۔مسافر اور سیاح سفر کے دوران محتاط رہیں اور موسمی حالات کے مطابق اپنے سفر کا انتظام کریں۔ تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور کسی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی جاتی ہے۔