فتنہ الانتشار منظم سازش کے تحت پاکستان کے اندر اور باہر پراپیگنڈا فیکٹریاں چلا ر ہا ہے ، پاکستان کی ریاست مضبوط اور ہماری مسلح افواج کے حوصلے بلند ہیں ، وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کی پریس کانفرنس

منگل 16 ستمبر 2025 19:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 ستمبر2025ء) وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا ہے کہ فتنہ الانتشار منظم سازش کے تحت پاکستان کے اندر اور باہر پراپیگنڈہ فیکٹریاں چلا رہا ہے جسے ہم نے بے نقاب کر دیا ہے ، ہندوستان نے پی ٹی آئی پر اربوں روپے کی سرمایہ کاری کی ہے ، بانی پی ٹی آئی کے کسی وزیر ، رکن پارلیمنٹ نے کسی شہید کا جنازہ پڑھا ہو یا بانی پی ٹی آئی کا فلسطین کے حق میں کوئی ایک ٹویٹ ہو تو تصویر شیئر کریں ، بانی پی ٹی آئی اقتدار کے لئے ہندوستان اور اسرائیل کی گود میں بیٹھ کر ملک کے ساتھ غداری پر اتر آیا ہے ، 9 مئی کے لئے ایک سال منصوبہ بندی کی گئی ، مقصد تھا کہ شورش برپا کر کے اداروں کے اندر اور باہر بغاوت کا ماحول پیدا کیا جائے ، کے پی کے اندر 40ہزار دہشت گردوں کو بسانے والا بانی پی ٹی آئی ہی ہے ۔

(جاری ہے)

پاکستان کی ریاست مضبوط اور ہماری مسلح افواج کے حوصلے بلند ہیں ۔وہ منگل کی سہ پہر پی ٹی وی ہیڈ کوارٹر میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ وفاقی وزیر محمد حنیف عباسی نے کہا کہ پاکستان کئی دہائیوں سے دہشت گردی کے خلاف فرنٹ لائن ریاست کے طور پر کام کرہا ہے ،اب تک 90 ہزار سے زائد جانیں قربان ، اربوں ڈالر کا مالی نقصان ہوچکا ہے ۔ ہماری مسلح افواج ، پولیس، رینجرز، ایف سی اور دیگر سیکورٹی فورسز کی قربانیوں کی لازوال قربانیوں کی داستان ہے ، ان قربانیوں میں پاکستان کی سالمیت مقدم ہے ۔

ملک کے اندر ایک ایسی جماعت نے جنم لیا جس نے اپنے اداروں کے خلاف منظم سازش کے تحت حملے شروع کر دیئے ۔ باہر بیٹھے ہوئے دشمن ہندوستان نے اس جما عت پر اربوں روپے لگائے ،اس جماعت نے سوشل میڈیا کے ذریعے اداروں پر حملے شروع کیے ،لیکن وہ ناکام ہو ئی ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے فوجی پختون ، بلوچی ، سندھی ، پنجابی اور سرائیکی بھی ہیں ، ہر علاقے کے لوگ افواج کا حصہ ہیں ، ہماری سکیورٹی فورسز میں تمام علاقوں کی بھر پور نمائندگی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اب ہمیں ایک جنگ فتنہ الانتشار کے خلاف بھی لڑنے کی ضرورت ہے ۔ اس وقت اور دہائیوں پہلے کی دہشت گردی میں ہمیشہ دشمن ملک ہندوستان ہی شامل رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ معرکہ حق میں ہندوستان کو شکست ہوئی ہے جس کے بعد وہ اپنی زخموں کو چاٹ رہا ہے ۔ہندوستان افغانستان میں دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہوں سے پاکستان میں دہشت گردی کر رہا ہے جس کے واضح ثبو ت ہیں ۔

وفاقی وزیر حنیف عباسی نے کہا کہ ہندوستان کا میڈیا ہو یا اسرائیل کا میڈیا ہو اسکی ڈارلنگ بانی پی ٹی آئی ہی ہے جوہرصورت چاہتے ہیں کہ بانی پی ٹی آئی باہر آئے او ر اقتدار میں بیٹھ کر انکے باقی ایجنڈے کو پورا کرے ۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی ملک دشمنی پر مبنی کردار ادا کررہا ہے ،اقتدار کی خاطر اتنا بھوکا ہوگیا ہے کہ اس کا ہر ٹویٹ دہشت گردوں کی حمایت میں آرہا ہے ۔

بانی پی ٹی آئی کےٹوئیٹر سے اداروں کے خلاف زہر اگلا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ کے پی کے اور ان کی ٹیم منشیات ،گاڑیوں کی سمگلنگ اور کرپشن میں براہ راست ملوث ہے ، یہ لوگ لوٹ مار کا پیسہ بیرون ممالک منتقل کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ دنیا پاکستان کی مسلح افواج کی کامیابیوں کی متعرف ہے ۔ محمد حنیف عباسی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اقتدار کے لئے ملک کے ساتھ غداری پر اتر آیا ہے ، اس کے لئے وہ ہندوستان اور اسرائیل کے گود میں چلا گیا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ 9 مئی کے لئے ایک سال منصوبہ بندی کی گئی مقصد تھا کہ شورش برپا کر کے اداروں کے اندر اور باہر بغاوت کا ماحول پیدا کیا جائے ، ادارے اور عوام سے انھیں شکست ملی تو دشمنوں کے ساتھ ہاتھ ملا کر ان کی باقاعدہ پشت پناہی شروع کر دی ۔ انہوں نے کہاکہ کے پی کے کے اندر 40ہزار دہشت گردوں کو بسانے والا بانی پی ٹی آئی ہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ریاست مضبوط اور ہماری مسلح افواج کے حوصلے بلند ہیں ۔

ہم شہداء کے وارث ہیں اس ملک کی سالمیت کے لئے پاکستانی قوم اپنی جان مال سب کچھ قربان کرنے کے لئے تیار ہیں ۔ انہوں نے میجر عدنان شہید کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید کے اہل خانہ کی گفتگو سے پوری قوم کو فخر محسوس ہوا ، ہمیں اپنے تمام شہداء پر فخر ہے ، ہم ان قربانیوں کا قرض نہیں اتار سکتے ۔