Live Updates

یوسف رضا گیلانی کی بارشوں اور جنوبی پنجاب میں سیلاب کے باعث متاثرہ عوام کیلئے ہنگامی بنیادوں پر امدادی اقدامات کی اپیل

سینیٹر رانا ثناء اللہ کی قائمقام صدر سے ملاقات، ملکی سیاسی صورتحال، امن و امان کے حالات اور ایوانِ بالا سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال

بدھ 17 ستمبر 2025 21:57

یوسف رضا گیلانی کی بارشوں اور جنوبی پنجاب میں سیلاب کے باعث متاثرہ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 ستمبر2025ء)قائم مقام صدرِ پاکستان، سید یوسف رضا گیلانی نے ملک میں حالیہ بارشوں اور جنوبی پنجاب میں آنے والے شدید سیلاب کے باعث متاثرہ عوام کے لیے ہنگامی بنیادوں پر امدادی اقدامات کی اپیل کرتے ہوئے مقامی و بین الاقوامی فلاحی اداروں پر زور دیا کہ وہ متاثرین کی فوری بحالی اور بروقت امداد کو یقینی بنائیں تاکہ عوام کو درپیش مشکلات کم کی جا سکیں۔

جاری اعلامیہ کے مطابق قائم مقام صدر نے کہا کہ سیلابی پانی سے متاثرہ اضلاع میں وبائی امراض پھیلنے کا خدشہ ہے جس کے باعث فوری طبی امداد، ادویات اور ساز و سامان مہیا کرنا ناگزیر ہے۔ انہوں نے یہ بھی نشاندہی کی کہ متاثرہ علاقوں میں کھانے پینے کی اشیاء اور دیگر بنیادی ضروریاتِ زندگی کی شدید قلت ہے، جس پر قابو پانے کے لیے قومی اور عالمی تعاون انتہائی اہم ہے۔

(جاری ہے)

دریں اثناء ایوانِ صدر میں سیاسی ملاقاتوں کا سلسلہ بھی جاری رہا۔ وزیراعظم کے سیاسی امور کے مشیر اور حال ہی میں منتخب ہونے والے سینیٹر رانا ثناء اللہ نے قائم مقام صدر سے ملاقات کی۔ ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال، امن و امان کے حالات اور ایوانِ بالا سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا،یہ رانا ثناء اللہ کی بطور سینیٹر صدرِ مملکت سے پہلی باضابطہ ملاقات تھی۔

اس کے علاوہ پاکستان پیپلز پارٹی کے سینٹرل سیکریٹری جنرل ہمایوں خان نے بھی صدرِ مملکت سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پارٹی کی موجودہ سیاسی سرگرمیوں اور تنظیمی معاملات پر بریفنگ دی گئی۔قائم مقام صدر نے اس موقع پر کہا کہ عوامی فلاح، جمہوری استحکام اور قومی یکجہتی ہی پاکستان کو درپیش چیلنجز سے نکالنے کی ضمانت ہیں۔ انہوں نے تمام سیاسی جماعتوں اور اداروں پر زور دیا کہ وہ عوامی مسائل کے حل اور قومی ترقی کے لیے مشترکہ کاوشیں کریں۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات