آپریشن بنیان مرصوص کے بعد ہمارا ملک ابھر کر سامنے آیا ہے‘ شیری رحمان

جمعرات 18 ستمبر 2025 17:22

آپریشن بنیان مرصوص کے بعد ہمارا ملک ابھر کر سامنے آیا ہے‘ شیری رحمان
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 ستمبر2025ء)پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ آپریشن بنیان مرصوص کے بعد ہمارا ملک ابھر کر سامنے آیا ہے۔ ملک کو سفارتی سطح پر بہت فتوحات مل رہی ہیں۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان تاریخی معاہدہ ہوا، یہ سنگ میل ہے۔

شیری رحمان کا کہنا ہے کہ خطرات پوری دنیا میں لاحق ہیں، بھارت کا جارحانہ رویہ اب کھل کے میدان میں بھی آگیا ہے۔انہوں نے کہا کہ نفرت اب بھارت کے لیے نظریہ بن چکی ہے، اسرائیل اور بھارت ایسے ممالک ہیں جنہوں نے جنگل کا قانون بنا رکھا ہے۔پیپلز پارٹی کی سینیٹر کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی نیجب کمیٹی سے استعفا دیا تو مجھے بہت برا لگا، پی ٹی آئی میں بہت سے لوگ تعمیری کام کرنا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ گزشتہ شب سعودی ولی عہد اور وزیرِ اعظم شہباز شریف نے پاکستان اور سعودی عرب کے مابین اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے (SMDA) پر دستخط کیے ہیں۔مذکورہ معاہدہ دونوں ممالک کی سلامتی کو بڑھانے، خطے اور دنیا میں امن کے حصول کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے، موجودہ اور متوقع خطرات و چیلنجز کے تناظر میں یہ معاہدہ دفاع کو مضبوط بنائے گا۔معاہدہ دونوں ممالک کی دفاعی صلاحیتوں کی تیاری اور انضمام کو بڑھائے گا، معاہدے سے دونوں ممالک کی سلامتی اور علاقائی سالمیت کو لاحق کسی بھی خطرے کا مقابلہ کیا جا سکے گا۔معاہدے کی شقوں کے تحت کسی بھی ملک پر بیرونی مسلح حملہ دونوں ممالک پر حملہ تصور ہو گا۔