پاک سعودی معاہدہ خطے کے امن، سلامتی اور ترقی کا سنگِ میل ہے‘قائم مقام چیئرمین سینٹ سیدال خان

جمعرات 18 ستمبر 2025 23:10

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 ستمبر2025ء) قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے پاک۔سعودی معاہدے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک سعودی معاہدہ خطے کے امن، سلامتی اور ترقی کا سنگِ میل ہے‘ وزیراعظم شہباز شریف کا دورہ سعودی عرب انتہائی اہمیت کا حامل رہا، سعودی عرب کے ساتھ معاہدات پاکستان اور خطے کی خوشحالی اور استحکام کی ضمانت ہیں۔

ایک بیان میں سیدال خان نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کو باہمی اعتماد، اخوت اور دین اسلام کے مقدس رشتے پر استوار سمجھتا ہے ۔

(جاری ہے)

سعودی عرب کی سرزمین مکہ و مدینہ سے ہر پاکستانی کے دل کی گہری وابستگی ہے۔ یہ معاہدہ دفاعی تعاون کے ساتھ اقتصادی شراکت داری اور ٹیکنالوجی کی منتقلی کے نئے مواقع پیدا کرے گا۔ قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں، پاک۔سعودی معاہدہ امت مسلمہ کے اتحاد اور اجتماعی قوت کا مظہر ہے، وزیراعظم شہباز شریف کو ملنے والا شاندار پروٹوکول دونوں ممالک کے گہرے تعلقات کا عکاس ہے۔ پاک۔سعودی معاہدات پاکستان میں ترقی، خوشحالی اور معاشی استحکام کا پیش خیمہ ثابت ہوں گے۔