عوام کو سستا اور معیاری آٹا فراہم کرنا سندھ حکومت کی اولین ترجیح ہے،عبدالجبارخان

جمعرات 18 ستمبر 2025 21:06

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 ستمبر2025ء)وزیرِاعلی سندھ کے معاونِ خصوصی برائے خوراک عبدالجبار خان کی زیر صدارت محکمہ خوراک کراچی ڈویژن کا اعلی سطح اجلاس معاون خصوصی کے دفتر میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈائریکٹر فوڈ سندھ، ڈپٹی ڈائریکٹر اور کراچی ڈویژن کے متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں گندم کے موجودہ ذخائر، صوبے کی طلب و رسد، نئی رلیز پالیسی اور فلور ملز کو بروقت فراہمی پر تفصیلی غور کیا گیا۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ کراچی ڈویژن سمیت صوبے بھر میں گندم کے ذخائر تسلی بخش ہیں اور عوام کو درکار ضرورت پوری کرنے کے لیے تمام تر اقدامات بروئے کار لائے جا رہے ہیں، عبدالجبار خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو سستا اور معیاری آٹا فراہم کرنا حکومتِ سندھ کی اولین ترجیح ہے۔

(جاری ہے)

ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی۔

فلور ملز کو گندم کی فراہمی میں شفافیت اور بروقت رسائی یقینی بنائی جائے، ڈویژن اور ضلعی سطح پر مانیٹرنگ سیل کو مزید فعال کیا جائے اور گندم کی ترسیل اور مارکیٹ پر کڑی نگرانی کے لیے فوری اسپیشل ٹاسک فورس تشکیل دی جائے، انہوں نے کہا کہ یہ تمام اقدامات چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے عوامی وژن اور وزیرِاعلی سندھ سید مراد علی شاہ کی ہدایات کے عین مطابق ہیں، جنہوں نے واضح طور پر کہا ہے کہ عوامی ریلیف اور اشیائے خورونوش کی فراہمی حکومت سندھ کی سب سے بڑی ترجیح ہے، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ روزانہ کی بنیاد پر گندم اور آٹے کی قیمتوں کی رپورٹ مرتب کی جائے، فلور ملز کی سخت مانیٹرنگ کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جائیں، گندم کی بین الصوبائی ترسیل پر کڑی نگرانی رکھی جائے، جبکہ آئندہ فصل کے سیزن میں کسانوں کے لیے سہولیات اور سبسڈی اسکیم پر بھی غور کیا جا رہا ہے، وزیرِاعلی سندھ کے معاونِ خصوصی برائے خوراک عبدالجبار خان نے مزید کہا کہ آئندہ ہفتے سے وہ خود فزیکلی تمام گوداموں کا دورہ کریں گے، وہاں کے معیار اور مقدار کو ذاتی طور پر چیک کریں گے تاکہ کسی بھی قسم کی کوتاہی یا بے ضابطگی کی گنجائش نہ رہے، انہوں نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ غیر قانونی ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کارروائیاں عمل میں لائی جائیں اور کسی کو عوامی ریلیف میں رکاوٹ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، عبدالجبار خان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سندھ حکومت بلاول بھٹو زرداری کے عوامی منشور کے مطابق صوبے کے عوام کو ریلیف دینے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیرِاعلی سندھ کی قیادت میں ایک جامع حکمت عملی تیار کی گئی ہے جس کے تحت نہ صرف آٹے کی قیمتوں کو مستحکم رکھا جائے گا بلکہ کسانوں کو بہتر سہولتیں فراہم کر کے گندم کی آئندہ پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ ممکن بنایا جائے گا۔