ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کی پاک سعودی دفاعی معاہدے پر قوم کو مبارکباد

وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف فیلڈ مارشل جنرل عاصم نے پاک سعودی تعلقات کو وسعت دینے میں بے مثال کردار ادا کیا ، بیان

جمعرات 18 ستمبر 2025 20:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 ستمبر2025ء)وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے پاک سعودی دفاعی معاہدے پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف فیلڈ مارشل جنرل عاصم نے پاک سعودی تعلقات کو وسعت دینے میں بے مثال کردار ادا کیا ہے۔ جمعرات کو اپنے ایک بیان میں کہا کہ یہ معاہدہ ’’ایک ہوں مسلم حرم کی پاسبانی کے لئے، نیل کے ساحل سے لے کر تابخاک کاشغر‘‘ کا پیش خیمہ ہے۔

سعودی عرب کی فضاؤں میں وزیراعظم کو جس طرح پروٹوکول دیا گیا اس پر پوری قوم کو فخر ہے۔ ولی عہد محمد بن سلمان نے الیمامہ پیلس میں جس طرح وزیراعظم کا استقبال کیا وہ تاریخی ہے، طارق فضل چوہدری نے کہا کہ پاک سعودی ایس ایم ڈی اے معاہدہ خطے میں امن سلامتی اور علاقائی تعاون کو فروغ دینے میں اہم ثابت ہوگا۔

(جاری ہے)

پاکستان اور سعودی عرب جنوبی ایشیا اور مشرق وسطیٰ کے دو طاقتور ملک ہیں جو اس معاہدے سے علاقائی سلامتی کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔

پاکستان اور سعودی عرب امت مسلمہ کے دو اہم نمائندہ ملک ہیں اور یہ معاہدہ پوری مسلم امہ کے لئے کارگر ثابت ہوگا۔سعودی عرب اور پاکستان مسلم دشمن قوتوں کو شکست دینے کے لئے ہر ممکن اقدام اٹھائیں گے اور یہ معاہدہ اس سلسلے کا آغاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو عناصر اس معاہدے پر تنقید کررہے ہیں یقیناً وہ اس امت کے خیرخواہ نہیں ہیں۔اس معاہدے کے تحت دونوں ممالک ایک دوسرے کی سلامتی کا تحفظ یقینی بنائیں گے۔