پاکستانی فوجی طاقت اور سعودی مالی استحکام سے خلیج کی سلامتی میں نئے دور کا آغاز ہوگا،سینیٹر محمد عبدالقادر

حرمین شریفین کی حفاظت کی ذمہ داری پاکستانی قوم کے لئے فخر اور اعزاز کی بات ہے، چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے دفاعی پیداوار

جمعرات 18 ستمبر 2025 21:40

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 ستمبر2025ء) چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے دفاعی پیداوار سینیٹر محمد عبدالقادر نے کہا ہے پاکستان نے جب سے بھارت کو جنگ میں عبرتناک شکست سے دوچار کیا ہے پاکستانی افواج کی صلاحیتوں کی ساری دنیا معترف ہو گئی ہے پاکستان ایک ذمہ دار اور قابل بھروسہ عسکری طاقت کے طور پر سامنے آیا ہے قطر پر اسرائیل کے حملے نے خلیجی ریاستوں میں عدم تحفظ کا احساس بڑھا دیا ہے پاکستانی فوجی طاقت اور سعودی مالی استحکام سے خلیج کی سلامتی میں ایک نئے دور کا آغاز ہورہا ہے جس کا مرکز سعودی عرب و پاکستان کے درمیان اسٹرٹیجک شراکت داری ہے یہ طے کیا جانا کہ پاکستان اور سعودی عرب میں سے کسی بھی ملک پر حملہ دونوں پر حملہ تصور کیا جائے گا نے خطے کے پولیٹیکل ڈاینامکس تبدیل کر کے رکھ دے گا۔

(جاری ہے)

یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے دفاعی پیداوارسینیٹر محمدعبدالقادر نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب میں مشترکہ اسٹریٹجک مفادات اور قریبی دفاعی تعاون کے تناظر میں ہونے والا معاہدہ دونوں ممالک کی سلامتی کو بڑھانے کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے معاہدہ خطے اور دنیا میں امن کے حصول کے مشترکہ عزم کی واضح کرتا ہی. دونوں برادر ممالک کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کی گہرائی اور دفاعی تعاون کو مزید مضبوط کیا جانا دونوں ممالک کے بہتر مستقبل کیلئے نہایت خوش آئند ہوگا پاکستان موجودہ اور متوقع خطرات سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے اسی لئے سعودی عرب نے پاکستان کی عسکری مہارت سے استفادہ کا فیصلہ کیا ہے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی تعاون کے مختلف پہلووں کو فروغ دیا جائے گا جو دونوں ممالک کے لئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے . دونوں ممالک کو اپنی سلامتی اور خطے کے استحکام کے حوالے سے خطرات لا حق ہیں حرمین شریفین کی حفاظت کی ذمہ داری پاکستان کے لئے فخر اور اعزاز کی بات ہے۔