گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کی ترقی و خوشحالی وفاقی حکومت کی اولین ترجیح ہے ، انجینئر امیر مقام

جمعہ 19 ستمبر 2025 21:35

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2025ء) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر ، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کی ترقی و خوشحالی وفاقی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اعلیٰ حکام نے آزاد جموں کشمیر میں امن و امان کی صورتحال اور ترقیاتی عمل کے حوالے وفاقی وزیر کو تفصیلی بریفنگ دی ۔

(جاری ہے)

انجینئر امیر مقام نے کہا کہ ماضی میں بھی اس کا عملی مظاہرہ کیا ہے اور آئندہ بھی کریں گے ، عوام کے جائز مسائل حل کرنا اپنا فرض سمجھتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں سکیورٹی و انسانی حقوق کی صورتحال تشویشناک ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم کشمیریوں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ، پاکستان حقِ خودارادیت کے حصول تک کشمیریوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔اجلاس میں چیف سیکرٹری اور آئی جی آزاد جموں و کشمیر سمیت وزارت کے اعلیٰ حکام کی شرکت کی۔