تحریک آزادی کشمیر کے ممتاز رہنما، دانشور اور کل جماعتی حریت کانفرنس کے سابق چیئرمین پروفیسر عبدالغنی بٹ مرحوم کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی

جمعہ 19 ستمبر 2025 21:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2025ء) تحریک آزادی کشمیر کے ممتاز رہنما، دانشور اور کل جماعتی حریت کانفرنس کے سابق چیئرمین پروفیسر عبدالغنی بٹ مرحوم کی غائبانہ نماز جنازہ جمعہ کو اسلام آباد میں ادا کی گئی۔پروفیسر بٹ بدھ کی شام بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر کے علاقے سوپور میں انتقال کر گئے تھے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق نماز جنازہ کا اہتمام کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموںوکشمیر شاخ نے کیا تھا۔

نماز جنازہ میں وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر چوہدری انوار الحق ، تحریک نوجوانان پاکستان کے چیئرمین عبداللہ گل اور حریت رہنمائوں سمیت راولپنڈی ، اسلام آباد میں مقیم کشمیریوں کی ایک بڑی تعداد شریک تھی۔ نماز جنازہ سے قبل سینئر حریت رہنما محمد فاروق رحمانی نے تحریک آزادی کے حوالے سے مرحوم کی خدمات، ان کی فکری و سیاسی بصیرت پرروشنی ڈالی اور انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پروفیسر عبدالغنی بٹ نے ہمیشہ اتحاد اور یکجہتی پر زور دیا اور کشمیری عوام کو باہمی افہام و تفہیم اور یکجہتی کے ذریعے آزادی کی منزل کی طرف بڑھنے کی تلقین کی۔ انہوں نے کہا کہ ان کی تقریریں اور تحریریں کشمیری عوام کے لیے مشعل راہ ہیں۔دیگر مقررین نے کہا کہ مرحوم پروفیسر بٹ نہ صرف ایک دوراندیش اور باصلاحیت سیاسی رہنما تھے بلکہ ایک مفکر اور اعلیٰ درجے کے دانشور بھی تھے جنہوں نے اپنی پوری زندگی کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے لیے وقف کر دی تھی۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پروفیسر عبدالغنی بٹ کی فکری و نظریاتی میراث کو زندہ رکھا جائے گا اور ان کے خواب کی تعبیر کے لیے تحریک آزادی کو مزید مضبوط بنیادوں پر جاری رکھا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پروفیسر بٹ کا کردار آنے والی نسلوں کے لیے رہنمائی اور تحریک کا کام دے گا۔مقررین نے کہا کہ مرحوم کی وفات تحریک آزادی کشمیر کے لیے ایک ناقابل تلافی نقصان ہے جس کا خلا برسوں پر نہیں کیا جا سکتا۔