صوبہ سندھ میں دہشت گردی ،جرائم اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں کے خاتمے کیلئے پر عزم ہیں،ڈی جی( رینجرز) سندھ میجر جنرل محمد شمریز

جمعہ 19 ستمبر 2025 22:20

کراچی/اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2025ء) ڈی جی( رینجرز) سندھ میجر جنرل محمد شمریز نے کہا ہے کہ امن وامان کا قیام سندھ رینجرز کی اولین ترجیح ہے ۔ سندھ رینجرز صوبہ سندھ میں بالعموم اور کراچی میں بالخصوص دہشت گردی ،جرائم اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں کے خاتمے کے لئے پر عزم ہے.جمعہ کوترجمان سندھ رینجرز کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ڈی جی رینجرز (سندھ)میجر جنرل محمد شمریز نے سائیٹ سپر ہائی وے ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کراچی کی دعوت پر سائیٹ ایریا کا دورہ کیااور ایسوسی ایشن کے ممبران سے ملاقات کی۔

اس موقع پر سائیٹ سپر ہائی وے ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے پیٹرن اِن چیف شہنشاہ عالم، صدر مسعود پرویز اوردیگر ممبران موجود تھے ۔

(جاری ہے)

ڈی جی رینجرز نے یقین دہانی کی کہ امن وامان کا قیام سندھ رینجرز کی اولین ترجیح ہے ۔ سندھ رینجرز صوبہ سندھ میں بالعموم اور کراچی میں بالخصوص دہشت گردی ،جرائم اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں کے خاتمے کے لئے پر عزم ہے۔

ڈی جی رینجرز نے انڈسٹریل ایریا اور دیگر تجارتی علاقوں میں بزنس کمیونٹی کو سیکیورٹی سے متعلق درپیش مسائل کو پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر حل کرنے کی یقین دہائی کرائی۔اس موقع پر تاجر برادری نےمعرکہ حق ( آپریشن بنیان المرصوص) میں افواج پاکستان اور تمام سیکورٹی اداروں کوشاندار کامیابی پربھرپور خراج تحسین پیش کیا-تاجر برادری نے شہر قا ئد میں سندھ رینجرز کی طرف سے پائیدار قیام امن کے لیےکی گئی تمام کاوشوں کو سراہا ، اور سندھ رینجرز کی جانب سےغیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف جاری آپریشنز جن میں واٹر مافیا، اسمگلنگ ، منشیات فروشی اور جرائم پیشہ افراد کی سرکوبی کے لئے کیے گئے تمام اقدامات کو خوش آئند قرار دیا اور ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔