عظیم اسلامی مفکر،جماعت اسلامی پاکستان کے بانی مولانا سیّد ابو الاعلیٰ مودودی ؒ کا 46واںیوم وفات (آج) منایا جائے گا

اتوار 21 ستمبر 2025 11:10

مکو آ نہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 ستمبر2025ء)عظیم اسلامی مفکر،جماعت اسلامی پاکستان کے بانی مولانا سیّد ابو الاعلیٰ مودودی ؒ کا 46واںیوم وفات (آج)22ستمبر کو منایا جائے گا اس سلسلے میں جماعت اسلامی کے زیر اہتمام فیصل آباد سمیت ملک بھر میں تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا جبکہ اخبارات خصوصی ایڈیشن شائع کریں گے جس میںمولانا سیّد ابواعلیٰ مودودی ؒکی عظیم مذہبی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا جائے گا۔

مولانا سیّد ابواعلیٰ مودودی ؒ کا پاکستان کی سیاست میں اہم کردار رہا ہے قادیانیوں کو غیر مسلم قرار دلوانے پر حکومت کی جانب سے انہیں پھانسی کی سزا سنائی گئی تھی جس پر عالم اسلام کے دبائو کے باعث عملدرآمد نہ ہو سکا۔مولانا کی شاندار دینی خدمات پر انہیں شاہ فیصل ایوارڈ سے نوازا گیا۔

(جاری ہے)

سیّد مودودی کی تحریر کردہ قرآن مجید کی تفسیر ’’تفہیم القرآن‘‘ کے نام سے دنیا بھر کے اسلامی ممالک میں مشہور ہے جس کا انگریزی،عربی،فارسی،فرانسیسی،جرمن،بنگالی،ہندی،جاپانی سمیت 22سے زائد زبانوں میں تراجم شائع ہو چکے ہیں جبکہ سعودی عرب،سوڈان، اور مصر سمیت متعدد اسلامی ممالک کی یونیورسٹیوں میںمولانا مودودی کی تصانیف نصاب تعلیم میں شامل ہیں۔

مولانا مودودی ؒ 22ستمبر1979ء کو 76برس کی عمر میں امریکہ میں انتقال کر گئے تھے۔آپ کا جسد خاکی پاکستان لایا گیا تھا جسے نماز جنازہ کے بعد سپردخاک کر دیا گیا تھا۔