دفاعی معاہدہ دنیا بھرمیں سنگ میل کی حیثیت اختیار کرگیا،رفیق سلیمان

معیشت مستحکم ہوگی،سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کاآئندہ دورہ پاکستان اہم ہوگا،سابق چیئرمین ریپ

اتوار 21 ستمبر 2025 16:45

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 ستمبر2025ء)رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان (ریپ)کے سابق چیئرمین اور ایف پی سی سی آئی کی رائس اسٹینڈنگ کمیٹی کے کنوینر رفیق سلیمان نے پاکستان اور سعودی عرب کے مابین ہونے والے تاریخی دفاعی معاہدے پر ویراعظم پاکستان میاں شہباز شریف اور فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر سمیت پاکستان اور سعودیہ کی بزنس کمیونٹی اور دونوں ممالک کی عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور کنگ محمد بن سلمان کے درمیان ہونے والا دفاعی معاہدہ دنیا بھرمیں سنگ میل کی حیثیت رکھتاہے جس میں فیلڈ مارشل سیدعاصم منیر کا اہم ترینکردار ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس معاہدے کے معیشت پر بھی مثبت اثرات مرتب ہونگے جبکہ دفاعی معاہدے سے پاکستان اور سعودیہ مزید قریب آجائیں گے،دونوں ممالک کی باہمی تجارت کو فروغ ملے گا جبکہ دفاعی معاہدے سے دیگر مسلم ممالک بھی نہ صرف قریب آئیں گے بلکہ اپنے آپ کو محفوظ تصور کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ پاک سعودی معاہدہ دنیا کیلئے بڑا سگنل ہے اور توقع کی جارہی ہے کہ سعودیہ کے بعد قطر اور متحدہ عرب امارات بھی اسی طرز کے معاہدے میں منسلک ہو سکتے ہیں،سعودیہ کے ساتھ معاہدے سے پاکستان کیلئے دنیا میں نئے افق روشناس ہونے جارہے ہیں اور جلد ہی سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کا دورہ پاکستان انتہائی اہمیت کا حامل ہوگا۔

رفیق سلیمان نے کہا کہ دفاعی معاہدے کے مثبت اثرات معاشی سرگرمیوں پر بھی پڑیں گے اورپاکستان کو سعودیہ کی تقریباً 240ارب ڈالر کی مارکیٹ میں اپنا حصہ بڑھانے کا بہترین موقع میسر آئے گا تاہم ہماری حکومت کو ان مواقعوں سے فوری فائدہ اٹھانے کیلئے بزنس کمیونٹی کے تمام شعبوں سے مشاورت کرنی چاہیئے۔