معاشی چیلنجز کے باوجود ملک درست سمت میں آگے بڑھ رہا ہے،خواجہ آصف

اتوار 21 ستمبر 2025 20:10

لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 ستمبر2025ء) وفاقی وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا کہ خلیجی ممالک سمیت بیرونِ ممالک مقیم پاکستانیوں کی کوششوں سے 38 ارب ڈالر سے زائد ترسیلات زر آئیں جو ملکی معیشت کے لیے سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو لندن میں سمندر پار پاکستانیوں کے حوالے سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وفاقی وزیر دفاع نے کہا کہ حکومت کو متعدد چیلنجز خصوصاً معاشی مسائل کا سامنا رہا، مگر اس کے باوجود نمایاں کامیابیاں حاصل کی گئیں اور ملک درست سمت میں آگے بڑھ رہا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ خلیجی ممالک سمیت بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی کوششوں سے 38 ارب ڈالر سے زائد ترسیلات زر آئیں جو ملکی معیشت کے لیے سنگ میل ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بھارت پر ایک تاریخی اور بے مثال فتح حاصل کی جو پہلے کبھی نہیں دیکھی گئی۔

پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی معاہدے کو انہوں نے سنگِ میل قرار دیااور کہا کہ سول اور عسکری قیادت ملک کو اقتصادی خوشحالی کی راہ پر گامزن کر رہی ہے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز چوہدری سالک حسین نے پاکستانی تارکینِ وطن کو ملک کا قیمتی اثاثہ قرار دیا اور کہا کہ موجودہ حکومت کی کوششوں کے باعث عالمی سطح پر ان کا مقام بلند ہوا ہے۔تقریب میں او پی ایف کے چیئرمین قمر رضا نے اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل میں وزیرِ اعظم کی بھرپور دلچسپی کو سراہا۔