وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین کا اٹلی کا کامیاب دورہ، پاکستانی کمیونٹی کی کامیابیوں کو سراہا اور پاک اٹلی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ

اتوار 21 ستمبر 2025 20:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 ستمبر2025ء) وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانیز اور انسانی وسائل و ترقی چوہدری سالک حسین نے اپنے دورہ اٹلی کے دوران روم اور بریشیا میں مختلف تقریبات اور ملاقاتوں میں شرکت کی، جہاں انہوں نے پاکستانی کمیونٹی کی کامیابیوں کو سراہا اور پاک اٹلی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

روم میں یومِ آزادی اور معرکہ حق کی شاندار تقریب کے موقع پر وفاقی وزیر نے ٹاؤن ہال میٹنگ کی صدارت کی، قونصلی خدمات کا تفصیلی جائزہ لیا اور 5 سال بعد نادرا سروس کے دوبارہ آغاز کو خوش آئند قرار دیا۔ تقریب میں پاکستانی کمیونٹی اور اٹلی کے نمایاں شہریوں کو تعلیم، طب، کھیل، ادب، تحقیق اور سماجی خدمات میں شاندار کارکردگی پر اچیومنٹ سے نوازا گیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ تقریب پاک اٹلی تعلقات کے فروغ اور پاکستانی کمیونٹی کی خدمات کو اجاگر کرنے میں سنگ میل ثابت ہو گی۔اپنے دورہ کے دوران چوہدری سالک حسین نے اٹلی کے وزیرِ داخلہ میٹیو پینٹے ڈوسی سے بھی ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے حال ہی میں دستخط شدہ مائیگریشن اینڈ لیبر موبلٹی معاہدے پر عملدرآمد کے ساتھ ساتھ دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔

وفاقی وزیر نے پاکستانی افرادی قوت کے لیے اٹلی میں مزید مواقع پیدا کرنے، ان کے حقوق کے تحفظ اور غیر قانونی ہجرت کے مسئلے پر قابو پانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ واضح رہے کہ سال 2024 میں اٹلی میں مقیم پاکستانی کمیونٹی نے ریکارڈ 1.121 ارب ڈالر کی ترسیلات پاکستان بھیجیں جبکہ پاک-اٹلی دوطرفہ تجارت کا حجم 1.5 ارب ڈالر تک جا پہنچا جس میں پاکستان کو 800 ملین ڈالر کا تجارتی سرپلس حاصل ہوا۔

یہ اعدادوشمار دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے اعتماد اور تعاون کی عکاسی کرتے ہیں۔وفاقی وزیر نے بریشیا (اٹلی) میں بھی پاکستانی کمیونٹی سے خصوصی ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ حکومت اوورسیز پاکستانیوں کی فلاح و بہبود اور مسائل کے حل کے لیے مزید مؤثر اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کمیونٹی پر زور دیا کہ وہ اتحاد و اتفاق کو فروغ دیں۔چوہدری سالک حسین نے بریشیا اور اٹلی میں پاکستانی اوورسیز کی جانب سے شاندار استقبال پر ان کا شکریہ ادا کیا۔یہ دورہ نہ صرف پاک-اٹلی تعلقات کے نئے دور کا آغاز ہے بلکہ اٹلی میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے لیے ایک حوصلہ افزا سنگ میل بھی ثابت ہوا ہے۔