مشرق وسطی میں اسرائیل کی ڈھٹائی سے جاری جارحیت کو روکنا ہوگا‘ علامہ حافظ ہشام الٰہی ظہیر

منگل 23 ستمبر 2025 15:12

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 ستمبر2025ء) جمعیت اہلحدیث پاکستان کے صدر ڈاکٹر علامہ حافظ ہشام الٰہی ظہیر نے کہا ہے کہ اسرائیل کی عالم عرب پر جارحیت کی ایسی کارروائیوں کا مقصد واضح طور پر علاقائی استحکام کو نقصان پہنچانا ہے اس سے سفارتی اور انسانی کوششوں کو بھی خطرہ لاحق ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعیت کے سیکریٹریٹ میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے امن معاہدے کے تمام امکانات تباہ کر دیئے ہیں،سعودی قیادت نے قطر کی سلامتی و استحکام اور اس کے شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں وقف کر دی ہیں ،سعودی عرب کا کردار پوری دنیا امن و امان اور عالم برادری کے استحکام کے لئے ہے۔انہوں نے کہا کہ مشرق وسطی میں اسرائیل کی ڈھٹائی سے جاری جارحیت کو روکنا ہوگا۔

(جاری ہے)

امت کو اسرائیلی اشتعال انگیزیوں کے مقابلے میں اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔علامہ حافظ ہشام الٰہی ظہیر نے کہا عالم برادری کے باہمی انتشار کی بدولت اسرائیل کو عالم اسلام پر حملے کرنے کی کھلی چھٹی ملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کو مغربی طاقتوں کی شہہ حاصل ہے اگر اس کو لگام نہ ڈالا اور اس کے خلاف ملت اسلامیہ متحد نہ ہوئی تو اسرائیل بگھوڑا ایسے ہی بدمست ہاتھی کی طرح عالم اسلام پر حملہ آور رہے گا۔ اسرائیل کو اس بات کی تکلیف ہے کہ مملکت اسلامیہ اسرائیل کو تسلیم نہیں کر رہی لیکن درحقیقت اسرائیل دہشت گرد ملک ہے پوری ملت اسلامیہ کے لیڈران اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرتے ہوئے اسے نشان عبرت بنائیں۔