آزادکشمیر کوئی ترنوالہ نہیں ، مقبوضہ کشمیر سمیت دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں کے دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتے ہیں، محمد فاروق حیدر

منگل 23 ستمبر 2025 23:19

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 ستمبر2025ء) سابق وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ آزادکشمیر کوئی ترنوالہ نہیں ، مقبوضہ کشمیر سمیت دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں کے دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتے ہیں، بھارتی وزیر دفاع کو 10مئی 2025 کا سبق یاد رکھنا چاہیے، کشمیری 77 سال سے بھارتی جبر کا مردانہ وار ڈٹ کر مقابلہ کر رہے ہیں، آزادکشمیر میں بنیادی مسائل کے حوالے سے عوام ہمیشہ اپنی آواز بلند کرتے رہے ہیں، حالیہ تحریک بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے ، ہندوستان کو اس پر خوش ہونے کی ضرورت نہیں ، کشمیریوں نے پاکستان کے لیے ایک پوری نسل کی قربانی دی ہے ، اپنے جاری کردہ بیان میں سابق وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ بھارتی وزیر دفاع دن کو خواب دیکھنا چھوڑ دیں ، ہم مملکت خداداد پاکستان اور پاکستانی اداروں کے ساتھ مل کر دفاع کیلئے سربکف ہیں، مودی اپنے کار خاص راج ناتھ سنگھ اور امیت شاہ کے ساتھ مل کر جو کھیل کھیلنے کی کوشش کر رہا ہے اسے ایک بار پھر شکست فاش کا سامنا کرنا پڑے گا، آزادکشمیر کا خطہ قربانیوں کے نتیجے میں آزاد ہوا، اسے کسی بین الاقوامی سازش کی بھینٹ نہیں چڑھنے دیں گے، دشمن جو اُمید لگائے بیٹھا ہے اسے مایوسی کا سامنا کرنا پڑے گا، آزادکشمیر کا بچہ بچہ پاکستان کا بلاتنخواہ اور بے لوث سپاہی ہے، پاکستان ہماری آرزئوں ، اُمیدوں کا مرکز اور اسلاف کی طے کردہ منزل ہے ، جس کے حصول کیلئے ہر طرح کی قربانی دیں گے اور ان شاء اللہ یہ سفر منزل پر پہنچ کر اختتام پذیر ہو گا۔