Live Updates

پاکستان کو دنیا بھر میں جو وقار مل رہا ہے وہ فوج اور عوام کے ایک پیج پر ہونے اور ملک دشمن قوتوں کو مسترد کرنے کی وجہ سے ہے،عشرت العباد

بدھ 24 ستمبر 2025 23:31

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 ستمبر2025ء)سابق گورنر سندھ و روح رواں ایم پی پی(میری پہچان پاکستان)ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ ملک کی اہمیت قوم کی اہمیت ہوتی ہے۔ سپاہ سالار اگر جانباز اور اسکی ٹیم شجاعت سے بھرپور ہو تو قوم طاقت اور جرات کا نشان بن جاتی ہے۔ آج پاکستان کو دنیا بھر میں جو وقار مل رہا ہے وہ فوج اور عوام کے ایک پیج پر ہونے اور ملک دشمن قوتوں کو مسترد کرنے کی وجہ سے ہے۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی کاوشوں سے امریکہ کی سوچ تبدیل ہوئی۔ ہم فاتح قوم ہیں اور ہمیں اپنا وطن اسکی سا لمیت اپنی جان سے زیادہ عزیز ہے۔ آج بھی ہم چین کی نیند سوتے ہیں اور جوان ہماری سرحدوں کی حفاظت اور ملک دشمنوں سے نبرد آزما ہوتے ہیں۔ میری پہچان پاکستان تحریک کا ویژن جیت گیا۔

(جاری ہے)

ریاست پہلے سیاست بعد میں ملک کی معیشت کا پہیہ چلانے کے لئے ہمیں ہر اول دستہ بننا ہوگا۔

سیلاب کی تباہ کاریوں نے ہمیں بہت بڑی تکلیف سے گزارا ہے معاشی بحران آرہا ہے۔ لیکن قوم حوصلہ نہیں ہارے گی۔ انہوں نے یہ بات مرکزی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ ساتھیوں نے سیلاب اور بارشوں میں محنت کی عوام کے دل جیتے۔ سیلاب میں گڈ گورننس نظر آئی لیکن دیگر شعبوں میں بیڈ گورننس نے عوام کو اذیت میں مبتلا کردیا ہے۔

میں اپنے تمام ڈاکٹرز کو ہدیات کرتا ہوں کہ ریلیف کیمپوں اور جہاں ضرورت ہے دوائیں لے کر پہنچیں اور عوام کی مدد کریں۔ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا کہ کراچی کی حالت دیکھ کر دل خون کے آنسو روتا ہے۔ سڑکیں ادھڑی پڑی ہیں۔ سیوریج اور پانی گندگی سے مریضوں کی تعداد کئی گناہ بڑھ گئی۔ بجلی اور گیس کے ساتھ ساتھ پانی کے مسائل میں بھی روز اضافہ ہورہا ہے۔

ساتھی تیار رہیں۔ ہم ملک کو کسی نا امیدی کی طرف نہیں جانے دیں گے۔ سندھ میں وفاق، صوبہ اور لوکل گورنمنٹ سب اضطرابی کیفیت میں ہیں۔ کوئی ربط نہیں۔ کرپشن کی شکایات عام ہیں۔ حکومت سندھ رول ماڈل بننے کے لئے گورننس اور احتساب کو ضروری بنائے۔ میئر ہوں یا ٹی ایم سیز چیئرمین ملنے والی رقوم کا حساب دیں۔ سیاست ختم کریں۔ احتجاج اور سیاست ملک کے لئے اچھی سوچ نہیں۔

ہم امن دوست اور ملک کے خیر خواہ ہیں ہر سازش کا مردانہ وار مقابلہ کریں گے۔ سیاست میں شرافت کا عنصر ہم لائیں گے۔ مرکزی کمیٹی کے اراکین انچارج نہال احمد صدیقی، فاروق ملک،ریحان خان، سیف یار خان، محمد پناہ پنہیار، مقصود قریشی، عامر علی، آصف قدوس،سلیم سہروردی۔ سہیل، رضوان احمد فکری، ارشد احمد خان، نعیم اصطفے نمک والا اور دیگراراکین نے ورکنگ اور دیگر امور سے آگاہ کیا۔ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے تمام ساتھیوں کو شاندار کارکردگی پر مبارکباد پیش کی۔ کام کی رفتار تیز کرنے اورجدوجہد میں تیزی لانے کے لئے تیار رہنے اور خدمت میں پیش پیش رہنے کی ہدایت کی۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات