حکومتِ آزاد کشمیر، عوامی جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے درمیان مذاکرات بے نتیجہ ختم

جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے اچانک مذاکرات کا سلسلہ منقطع کر دیا‘بات چیت کسی نتیجے پر نہ پہنچ سکی

جمعرات 25 ستمبر 2025 15:21

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 ستمبر2025ء)آزاد جموں و کشمیر حکومت اور عوامی جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے درمیان مذاکرات بے نتیجہ ختم ہوگئے۔وزیراعظم پاکستان کی ہدایت پر وفاقی وزراء طارق فضل چوہدری اور انجینئر امیر مقام نے آزاد جموں و کشمیر جا کر ان مذاکرات میں ثالثی کی کوشش کی۔

(جاری ہے)

مذاکرات کے دوران جب بھی کسی معاہدے کی صورت بنتی، جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی جانب سے نئے مطالبات پیش کر دیے جاتے۔

جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے تاجروں اور کاروباری طبقے کے لیے بجلی میں مزید سبسڈی کا مطالبہ بھی پیش کیا، بجلی سبسڈی کا یہ مطالبہ گھریلو صارفین کے دائرہ کار سے ہٹ کر پایا گیا۔اس کے علاوہ، ایکشن کمیٹی نے جج صاحبان کی پنشن ختم کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔بعد ازاں، جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے اچانک مذاکرات کا سلسلہ منقطع کر دیا جس کے باعث یہ بات چیت کسی نتیجے پر نہ پہنچ سکی۔