ایچ پی وی ویکسین سروائیکل کینسر کو روکنے اور زندگیاں بچانے کیلئے ایک محفوظ اور موثر ویکسین ہے، ڈاکٹر عروج یاسر خان

جمعرات 25 ستمبر 2025 19:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 ستمبر2025ء) کیپٹل ہسپتال (سی ڈی اے ہسپتال )کی گائنا کالوجسٹ ڈاکٹر عروج یاسر خان نے کہا ہے کہ ایچ پی وی ویکسین سروائیکل کینسر کو روکنے اور زندگیاں بچانے کے لیے ایک محفوظ اور موثر ویکسین ہے، سروائیکل کینسر پاکستان میں خواتین میں تیسرا سب سے عام کینسر ہے۔ جمعرات کو اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ اپنی بیٹیوں کی حفاظت کریں ۔

پنجاب، اسلام آباد اور آزاد کشمیر میں لڑکیوں (عمر 9 سے 15 سال تک ) کے لیے ایچ پی وی ویکسینیشن پروگرام جاری ہے، ویکسین لگوا کر اپنے بچوں کا مستقبل محفوظ بنائیں، والدین کسی بھی قسم کے جھوٹے پروپیگنڈے کا حصہ نہ بنیں ، یہ ویکسین بالکل محفوظ ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ کوئی چِپ یا ٹریکر نہیں ویکسین میں ایسا کچھ نہیں ہے، اس ویکسین میں کوئی چیز دین یا روایت کے خلاف نہیں ہے، کئی سالوں سے دنیا کے مختلف ممالک میں محفوظ طریقے سے استعمال ہو رہی ہے، اب پاکستان میں سستی قیمت پر دستیاب ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہر سال 5,000 سے زائد خواتین میں یہ کینسر تشخیص ہوتا ہے اور 3,000 جان سے ہاتھ دھو بیٹھتی ہیں ، بروقت ویکسین سے بچا ئو ممکن ہے۔انہوں نے کہا کہ ویکسین کے لیے بہترین عمر 9 سے 15 سال ہے کیونکہ اس وقت بچیوں میں قوتِ مدافعت سب سے زیادہ ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ میں خود ماہر امراضِ نسواں اور ماں ہوں، میں نے اپنی بیٹی کو یہ ویکسین لگوائی ہےکوئی نقصان نہیں ہوا، صرف حفاظت ملی۔انہوں نے والدین سے اپیل کی ہے کہ ذمہ داری کا ثبوت دیں، افواہوں پر یقین نہ کریں، اپنی بیٹیوں کو ایک صحت مند اور کینسر سے پاک مستقبل کا تحفہ دیں، بیٹیاں ہمارا فخر ہیں، ہمارا مستقبل ہیں، آئیے ان کی حفاظت کریں۔