میرے خلاف دائر پٹیشن وکیل احمد گبول نے واپس لے لی ہے ، گورنرسندھ

ہفتہ 27 ستمبر 2025 17:10

میرے خلاف دائر پٹیشن وکیل احمد گبول نے واپس لے لی ہے ، گورنرسندھ
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 ستمبر2025ء) گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری نے کہاہے کہ ریٹائرڈ جج اور وکیل احمد گبول نے میرے خلا ف پٹیشن دائر کی تھی اس پر 8 اکتوبر کے نوٹس ہوئے ہیں۔ احمد گبول کو بتایا کہ میں سب کا گورنر ہوں ، ہر ایک مجھ سے ملتا رہتا ہے۔ احمد گبول کو تین برس میں اٹھائے گئے اقدامات کے بارے میں تفصیل سے بتایا۔

احمد گبول نے میری تمام باتوں سے اتفاق کیا اور مجھے کہا کہ اپنی پٹیشن واپس لے رہا ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی پریس کلب کے دورہ کے موقع پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔گورنرسندھ کے کراچی پریس کلب پہنچنے پر کلب کے صدر فاضل جمیلی نے عہدیداروں کے ہمراہ خیرمقدم کیا ۔ گورنر سندھ نے کلب کے عہدیداروں سے ملاقات میں صحافتی برادر ی بالخصوص کلب کے لئے اپنی طرف سے مکمل حمایت کا یقین دلایا۔

(جاری ہے)

گورنرسندھ نے کہا کہ جمہوریت کے قیام اور تسلسل میں صحافی برادری کے کردار کو فراموش نہیں کرسکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ صحافی معاشرہ میں آنکھ اور کان کا کردار ادا کرتے ہیں معاشرتی مسائل کو اجاگر اور اس کے حل میں صحافی برادری کی خدمات لائق تحسین ہیں ۔گورنر سندھ نے مزید کہا کہ تین برس کا سفر اگر ایک لفظ میں کہوں کہ میڈیا کے دوستوں کے بغیر ممکن نہیں ہوا۔

میڈیا نے ان تین برس کے دوران کوئی منفی رپورٹنگ نہیں کی۔ میرے تمام اینیشیٹیوز پورے پاکستان اور دنیا میں جانے پہچانے جارہے ہیں ا س کی وجہ میڈیا ہے۔ایک سوا ل کے جواب میں گورنر سندھ نے کہا کہ چین کا میرا پہلا دورہ تھا ، یہ دورہ بہت کامیاب رہا ، چینی بہت محنتی ہیں۔ چین کے لوگ ہمیں اپنا آئرن برادرز سمجھتے ہیں وہ کچھ سوچ کر ہی یہ لفظ ادا کرتے ہیں۔

پاکستان بھی چین کی طرح ترقی کرسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی ملاقات بہت اہم تھی۔ انہوں نے کہا کہ وکلاء برادری کا جمہوریت کے لئے بڑا کردار ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ دور آگے بڑھنے کا ہے، امریکہ اور چین سے خوشخبریاں آرہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر سال 10مئی کو معرکہ حق کا جشن مناتے رہیں گے۔ وکیل احمد گبول نے کہا کہ گورنرسندھ کے خلاف پٹیشن دائر کی ، گورنرہائوس میں سیاسی سرگرمی نہیں ہونی چاہئے۔ گورنرسندھ نے یقین دلایا اورمجھے یقین ہے کہ آئند گورنرہائوس میں سیاسی سرگرمیاں نہیں ہوں گی۔گورنرسندھ کے اقدامات قابل تحسین ہیں ان کو سراہتا ہوں۔