وزیراعظم کے کوارڈینیٹر اختیار ولی خان کا دورہ ایبٹ آباد، یوتھ کوآرڈینیٹرز کے ساتھ تنظیمی ڈھانچے اور پارٹی امور پر تبادلہ خیال

اتوار 28 ستمبر 2025 20:30

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 ستمبر2025ء) وزیراعظم کے کوارڈینیٹر برائے اطلاعات و امورِ خیبر پختونخوا اور چیف آرگنائزر یوتھ خیبر پختونخوا اختیار ولی خان نے مریم نواز کی خصوصی ہدایات پر ایبٹ آباد میں یوتھ کوارڈینیٹرز کے ساتھ تنظیمی ڈھانچے کو مکمل اور مضبوط بنانے اور عنقریب ایبٹ آباد اور حویلیاں میں عظیم الشان کنونشن منعقد کرنے کیلئے تنظیمی عہدیدران کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔

اس موقع پر ممبر صوبائی اسمبلی شہلا بانو، صوبائی نائب صدر سجاد خان، خرم شہزاد تحصیل کوارڈینیٹر ایبٹ آباد، راجہ وقاص کوارڈینیٹر، فردوس عباسی، خورشید عباسی، سرور عباسی، مہ جبین ڈسٹرکٹ کوارڈینیٹر، رخسانہ زرین سٹی کوارڈینیٹر خواتین اور تنظیمی عہدیداران و کارکنان کی کثیر تعداد موجود تھی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر کارکنان نے اپنے مسائل بیان کیے۔

اختیار ولی خان و دیگر عہدیداروں نے کارکنوں کے مسائل کو غور کے ساتھ سنا۔ انہوں نے کارکنوں کو تاکید کی کہ جلد از جلد اپنے تنظیمی ڈھانچے کو مکمل کریں۔ تنظیم بننے کے بعد آپ اپنے مسائل نہیں بلکہ عوامی مسائل کو حکومتی ایوانوں تک پہنچا کر ان کو حل کروائیں گے۔ اختیار ولی خان نے کہا کہ ہمارے لیڈروں نے اس وطن کی بقاء و سلامتی کے لیے گیم چینجر منصوبے دیے۔

ہمارے قائد میاں محمد نواز شریف نے 28 مئی کو ایٹمی دھماکوں کی صورت میں پاکستان کو ناقابل تسخیر بنایا۔ ملک کو قریب لانے کےلیے موٹر ویز کا جال بچھایا۔ ان کامیابیوں کی بدولت سعودی حکومت کے ساتھ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاک سعودی دفاعی معاہدہ عمل میں آیا۔ اسلامی مملکت ہونے کے ناطے اللہ کریم نے پاکستان کو حرمین شریفین کے محافظ بننے کا شرف وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کے ہاتھوں عطاء کیا۔

اختیارولی خان نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نےاقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اور برازیل کے صدر کی جانب سے نیویارک میں منعقدہ "اسپیشل کلائمیٹ ایونٹ" سے خطاب میں واضح طور پر عالمی برادری کی توجہ اس جانب مبذول کروائی کہ ماحولیاتی تحفظ کے لیے پاکستان ترجیحی بنیادوں پر شجر کاری اور متبادل توانائی پر اقدامات کر رہا ہے۔ پاکستان کا حصہ عالمی گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج میں نہ ہونے کے برابر ہے، اس کے باوجود موسمیاتی تبدیلی میں پاکستان سب سے زیادہ متاثر ممالک میں شامل ہے، پاکستان اس وقت مون سون کی شدید بارشوں، کلاؤڈ برسٹ اور تباہ کن سیلاب کا سامنا کر رہا ہے، اس موسمیاتی آفت سے 50 لاکھ سے زائد افراد اور 4100 دیہات متاثر جبکہ ایک ہزار سے زائد قیمتی جانوں کا ضیاع ہو چکا ہے۔

دورے کے موقع پر اختیار ولی خان نے حاجی فضل اللہ خان کے ناگہانی انتقال پر گہرے دکھ و رنج کا اظہار کیا اور مرحوم کے بلند درجات کیلئے فاتحہ خوانی کی۔ بعد ازاں انہوں نے سابق صوبائی ممبر سردار اورنگزیب نلوٹھہ سے ان کی والدہ کی وفات پر بھی تعزیت کی اور مرحومہ کے بلند درجات اور لواحقین کےلیے صبر جمیل کی دعا کی۔