طلباکا کام مشرق اور مغرب کا حسین امتزاج ہے،صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ

تھیسز شو کے کامیاب انعقاد میں محمد احمد شاہ کا بہت بڑا کردار ہے، ڈائریکٹر NTUکراچی پروفیسر ڈاکٹر خالد پاشا آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے زیر اہتمام نیشنل ٹیکسٹائل یونیورسٹی کے فیشن ڈیزائنر طلباکے تھیسز شو The Graduation Show 25 کا افتتاح

اتوار 28 ستمبر 2025 22:40

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 ستمبر2025ء)آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے زیر اہتمام نیشنل ٹیکسٹائل یونیورسٹی (کراچی کیمپس) فائنل ایئر فیشن ڈیزائنر طلباکے تھیسز شو The Graduation Show 25 کا انعقاد احمد پرویز آرٹ گیلری ، احمد شاہ بلڈنگ میں کیاگیا جس کا افتتاح صدر آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی محمد احمد شاہ نے کیا، نیشنل ٹیکسٹائل یونیورسٹی کراچی کیمپس کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر خالد پاشا،شاہد رسام، آرٹس کونسل فائن آرٹ کمیٹی کے چیئرمین فرخ تنویر شہاب بھی ان کے ہمراہ تھے، تھیسز ڈسپلے میں ٹیکسٹائل انڈسٹری، فیشن کے شعبے، علمی اداروں اور شوبز سے تعلق رکھنے والی معروف شخصیات نے شرکت کی۔

صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے تھیسز ڈسپلے سے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہاکہ فائنل ایئر کے اسٹوڈنٹس کا تھیسز دیکھنے کے قابل ہے، بچوں نے بہت محنت کی ہے، خالد پاشا کی سربراہی میں نیشنل ٹیکسٹائل یونیورسٹی کی ٹیچرز کو مبارکباد دینا چاہوں گا جنہوں نے اتنے شاندار طریقے سے بچوں کے ٹیلنٹ کو نکھارا، ان کے کام میں مشرق اور مغرب کا حسین امتزاج شامل ہے، ہم فائن آرٹ ،میوزک ،ڈانس، تھیٹر سب پڑھاتے ہیں، آرٹس کونسل کے ساتھ کراچی کی تمام یونیورسٹی کا ایم او یو سائن ہوچکا ہے، ہم چاہتے ہیں ہماری اکیڈمیز نیشنل ٹیکسٹائل یونیورسٹی کے ساتھ مل کر کام کریں، مجھے خوشی ہوئی ہے کہ اتنے بڑے پیمانے پر نیشنل ٹیکسٹائل یونیورسٹی طلباکے ٹیلنٹ کو سامنے لا رہا ہے۔

(جاری ہے)

نیشنل ٹیکسٹائل یونیورسٹی کراچی کیمپس کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر خالد پاشا نے کہاکہ نیشنل ٹیکسٹائل یونیورسٹی گزشتہ 9 سالوں سے کراچی میں موجود ہے ، ہم آرٹس کونسل کے مشکور ہیں، تھیسز شو کے کامیاب انعقاد میں محمد احمد شاہ کا بہت بڑا کردار ہے، آج ان کی وجہ سے ہم اپنی یونیورسٹی کے طلباکا کام پیش کررہے ہیں۔تھیسز ڈسپلے میں 18 فیشن ڈیزائنر طلباکا کام نمائش کے لیے رکھا گیا ہے جن میں آمنہ طارق، سومال سیال، اریبہ وحید، ازما احمد، محمد وقاص، ردا مختار، ماہ نور فیصل صدیقی، جویریہ توفیق، زنیرہ شکیل، ملیحہ جونیجو، فضا زہرہ، مریم سلیم، عائشہ بی بی، مائرہ توفیق، ماروی، کومل، محمد نبیل اور مریم شکیل شامل ہیں۔

گریجویشن شو 2025 میں تخلیقی ڈیزائن کلیکشنز اور ڈسپلے کی نئی جہتیں پیش کی گئی ہیں جو ہمارے نوجوان ڈیزائنرز کے تحقیقی کام، تخلیقی وژن اور فنکارانہ صلاحیتوں کی عکاسی کرتی ہیں، یہ نمائش کراچی کیمپس کے طلباو طالبات کی فیشن، آرٹ ڈائریکشن اور پروڈکشن ڈیزائن جیسے شعبوں میں مستقبل کے قائدین کے طور پر صلاحیت کو ا جاگر کرے گی۔تھیسز شو 29 ستمبر 2025 تک احمد پرویز آرٹ گیلری میں جاری رہے گی۔