Live Updates

حالیہ تباہ کن سیلاب نے لاکھوں افراد کو بے گھر اور بیماریوں کے خطرات سے دوچار کر دیا ہے، قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی

پیر 29 ستمبر 2025 23:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 ستمبر2025ء) قائمقام صدر مملکت سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے پاکستان ماحولیاتی تبدیلیوں کے باعث شدید خطرات سے دوچار ہے،حالیہ تباہ کن سیلاب نے لاکھوں افراد کو بے گھر، بھوکا اور بیماریوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے، فصلوں کی تباہی، مویشیوں کے نقصان اور بڑھتی ہوئی غربت، بالخصوص جنوبی پنجاب اور خیبرپختونخوافوری اور مستقل عالمی تعاون کے متقاضی ہیں۔

قائم مقام صدر مملکت سید یوسف رضا گیلانی سے ایوان صدر اسلام آباد میں ورلڈ فوڈ پروگرام (ڈبلیو ایف پی) کی نمائندہ اور کنٹری ڈائریکٹر کوکو اوشیاما نے ملاقات کی۔پیر کے روز ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق قائم مقام صدر نے اوشیاما کو خوش آمدید کہتے ہوئے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ ایک مخلص اور باوقار انسانی ہمدردی کی رہنما اس نازک وقت میں پاکستان آئی ہیں جب ملک بدترین سیلابی تباہ کاریوں اور کمزور طبقات میں غذائی قلت کے بڑھتے خطرات کا سامنا کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ انسانی ہمدردی کے شعبے میں ان کا وسیع تجربہ پاکستان کے عوام کے لیے نہایت فائدہ مند ہوگا۔قائم مقام صدر نے کہا کہ پاکستان ماحولیاتی تبدیلیوں کے باعث شدید خطرات سے دوچار ہے۔ حالیہ تباہ کن سیلاب نے لاکھوں افراد کو بے گھر، بھوکا اور بیماریوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے۔ فصلوں کی تباہی، مویشیوں کے نقصان اور بڑھتی ہوئی غربت، بالخصوص جنوبی پنجاب اور خیبرپختونخوافوری اور مستقل عالمی تعاون کی متقاضی ہیں۔

انہوں نے عالمی اداروں سے ہنگامی امداد اور متاثرہ علاقوں کی طویل المدتی بحالی کے لیے فوری اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے ڈبلیو ایف پی اور پارلیمنٹ کے مابین تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر بھی زور دیا تاکہ بہتر فیصلے اور نچلی سطح پر سب سے زیادہ متاثرہ طبقات کے لیےاہم اقدامات کیے جا سکیں۔ قائم مقام صدر نے نشوونما پروگرام اور سکول نیوٹریشن پروگرام کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ان اقدامات کو سیلاب زدہ علاقوں میں مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے۔

قائم مقام صدر نے اس بات پر بھی زور دیا کہ مستقبل میں ماحولیاتی منصوبے، جیسے انٹیگریٹڈ کلائمیٹ رسک مینجمنٹ پروگرام کو جنوبی پنجاب جیسے سیلاب سے متاثرہ خطوں تک بڑھایا جائے تاکہ ابتدائی انتباہی نظام بہتر بن سکے اور مقامی آبادی کو ماحولیاتی خطرات سے محفوظ کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ ڈبلیو ایف پی کی حکومت پاکستان اور مقامی نمائندوں کے ساتھ قریبی شراکت داری سے عوام کی زندگیوں کو بہتر بنانے، بھوک میں کمی لانے اور کمیونٹیز کو مضبوط کرنے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے تجویز دی کہ پارلیمنٹ اور ڈبلیو ایف پی کے درمیان براہ راست رابطے قائم کیے جائیں تاکہ متاثرہ علاقوں کی درست ضروریات کا تعین کیا جا سکے۔قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ماحولیاتی آفات نے پاکستان میں غذائی عدم تحفظ اور بیماریوں کے بوجھ میں اضافہ کر دیا ہے۔ انہوں نے بھوک اور غذائی قلت کے خلاف پاکستان کی جدوجہد میں ڈبلیو ایف پی کے تعاون کو سراہا اور ریلیف اور بحالی کی کوششوں میں مزید تیزی لانے پر زور دیا۔

ڈبلیو ایف پی کی کنٹری ڈائریکٹر نے قائم مقام صدر کو آگاہ کیا کہ ان کا ادارہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ساتھ قریبی تعاون کے لیے پُرعزم ہے تاکہ بچوں میں نشوونما کی کمی اور غذائی قلت کے مسئلے کو حل کیا جا سکے۔ انہوں نے صدر کا شکریہ ادا کیا اور بتایا کہ جنوبی پنجاب سمیت سیلاب زدہ علاقوں کی صورتحال تشویشناک ہے۔انہوں نے سینیٹ کی صحت اور نیشنل فوڈ سکیورٹی سے متعلقہ قائمہ کمیٹیوں کے ساتھ مل کر کام کرنے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔قائم مقام صدر نے کہا کہ سیلاب زدہ علاقوں کے عوام کو مچھر دانیوں، کمبلوں، رضائیوں اور دیگر ضروری سامان کی فوری ضرورت ہے۔ انہوں نے متاثرین کے لیے ریلیف فراہم کرنے کی کوششوں پر ڈبلیو ایف پی کا شکریہ ادا کیا۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات