پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما میر فرید خان رئیسانی کاکوئٹہ میں پشین سٹاپ پر بم دھماکے کی مذمت

منگل 30 ستمبر 2025 15:48

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 ستمبر2025ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما میر فرید خان رئیسانی نے کوئٹہ میں پشین سٹاپ کے مقام پر بم دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایف سی کے جوانوں نے بہادری سے لڑتے ہوئے4 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ صوبے میں امن وامان کو برقرار رکھنے کے لئے سکیورٹی فورسز دہشت گردوں کی سازشوں کو ناکام بنا رہے ہیں۔

انہوں نے شہید ہونے والے ایف سی جوان اور عوام کی شہادت و زخمی ہونے والوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی سکیورٹی فورسز اور عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اوردہشت گردی کے ایسے بزدلانہ حملے ہمارے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے،شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور امن و امان کے قیام کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے ، زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعاگو ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت متاثرہ خاندانوں کی مدد کرے گی اور اس حملے میں ملوث سازشی عناصر اور ان کے سہولت کاروں کو بے نقاب کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم اور سیاسی قوتیں دہشت گردی کے خلاف متحد ہیں اور ایسے بزدلانہ حملے ان کے حوصلے کو پست نہیں کر سکتے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی صوبے اور ملک میں دیرپا امن و امان کے قیام کے لئے جدوجہد جاری رکھے گی۔

انہوں نے کہا کہ یہ حملہ بلوچستان کے پر امن ماحول اور ترقی کی کوششوں کو سبوتاژ کرنے کی ایک مذموم کوشش ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اس عزم کا اعادہ کرتی ہے کہ وہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ریاست کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے اور بلوچستان کے امن کو خراب کرنے والی کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دے گی۔