Live Updates

پنجاب کارڈ کھیلنا مودی کی زبان ہے، پاکستان سب کا ہے ، ندیم افضل چن

منگل 30 ستمبر 2025 23:04

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 ستمبر2025ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما ندیم افضل چن نے قومی اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کو چند شخصیات یا مخصوص طبقے کے ذریعے نہیں چلایا جا سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارا خاندان 1926 سے پنجاب کی سیاست میں سرگرم ہے اور پیپلز پارٹی کی بنیاد بھی پنجاب میں رکھی گئی تھی، اس لیے پنجاب کو تقسیم کرنے یا پنجاب کارڈ کھیلنے کی کوشش کسی صورت قبول نہیں۔

انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب کے حوالے سے کہا کہ "وزیراعلیٰ ہماری بہن ہیں، ہم نے انہیں ووٹ دے کر منتخب کیا ہے، اس لیے یہ تاثر غلط ہے کہ ہم کسی طور پر حکومت کے خلاف ذاتی محاذ کھول رہے ہیں۔ ندیم افضل چن نے پانی اور وسائل کی سیاست پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پانی اور بجلی سمیت تمام وسائل پر لسانی اور صوبائی سیاست دراصل مودی کی زبان ہے، جو ہمیشہ دریاؤں اور پانی کو اپنی ملکیت قرار دیتا رہا ہے۔

(جاری ہے)

"پاکستان سب کا ہے اور پاکستان کے وسائل بھی سب کے ہیں۔ پانی، بجلی، سونا اور گیس صرف ایک صوبے کی نہیں بلکہ پورے ملک کی مشترکہ ملکیت ہے۔"پیپلز پارٹی رہنما نے زور دیا کہ سیاست دانوں کو عوامی مسائل پر توجہ دینی چاہیے۔ "اصل خدمت یہ ہے کہ ہم غربت کے خاتمے میں کردار ادا کریں اور اپنا حصہ ڈالیں۔ یہی وہ راستہ ہے جو ملک و قوم کو ترقی کی طرف لے جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک میں سب سے زیادہ ضرورت سیلاب متاثرین کی بحالی کی ہے۔ سیاست کو وقتی طور پر ایک طرف رکھ کر متاثرہ عوام کے زخموں پر مرہم رکھنا سب کی ذمہ داری ہے۔ندیم افضل چن نے اس تاثر کی بھی تردید کی کہ پیپلز پارٹی میں کوئی تقسیم ہے۔ ان کا کہنا تھا قومی اسمبلی میں پیپلز پارٹی مکمل طور پر متحد ہے۔ ہمارا مقصد عوامی مسائل کا حل نکالنا ہے، نہ کہ اختلافات پیدا کرنا۔پنجاب میں صرف دو چاربابے ہیں جو حکومت چلا رہے ہیں ہم چاہتے ہیں کہ حکومت عوامی نمائندوں کے زریعے چلائی جائے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات