وفاق المدارس العربیہ پاکستان کی مجلس عاملہ کاصدر مولانا مفتی محمد تقی عثمانی کی صدارت میں اجلاس

مدارس کو عسکری تحریکوں یا دہشت گردی کے واقعات سے نتھی کرنے اور مختلف علاقوں میں ہونے والی شورش کے بہانے سے مدارس کو پریشان کرنے کی اطلاعات پر گہری تشویش کا اظہار

بدھ 1 اکتوبر 2025 14:05

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 اکتوبر2025ء) وفاق المدارس العربیہ پاکستان کی مجلس عاملہ کا اہم اجلاس جامعہ دارالعلوم کراچی میں صدر وفاق مولانا مفتی محمد تقی عثمانی کی صدارت میں ہوا۔مولانافضل الرحمن سرپرست وفاق المدارس،مولانا انوار الحق سینئر نائب صدر،مولانا مفتی مختار الدین شاہ سرپرست وفاق المدارس سمیت ملک بھرکے ممتاز علما کرام، دینی مدارس کے ذمہ داران نے شرکت کی۔

اس موقع پر مدارس کو درپیش مختلف مسائل زیر بحث آئے۔ خاص طور پر مدارس کو عسکری تحریکوں یا دہشت گردی کے واقعات سے نتھی کرنے اور مختلف علاقوں میں ہونے والی شورش کے بہانے سے مدارس کو پریشان کرنے کی اطلاعات پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیااور اس بات کا واضح اعلان کیا گیا کہ دینی مدارس کا کسی قسم کی عسکری کارروائیوں سے کوئی تعلق نہیں۔

(جاری ہے)

وفاق المدارس کے قائدین نے 2010 میں پاکستان کے ممتاز علما کرام کی طرف سے جامعہ اشرفیہ لاہور میں ہونے والے تاریخی اجتماع میں جاری ہونے والے اعلامیہ میں اپنائے گئیموقف کا اعادہ کیا اور کہا کہ پاکستان کے تمام علما کرام نے ہمیشہ پاکستان میں کام کرنے والی مسلح تنظیموں کی واضح طور پر مخالفت کی ہے اور قرار دیا ہے کہ پاکستان میں نفاذ شریعت کا واحد راستہ پرامن جدوجہد ہے اور اس مقصد کے لیے اسلحہ اٹھانا بالکل غلط ہے۔

وفاق المدارس کے قائدین نے تمام مدارس کے ذمہ داران کو تاکید کی کہ وہ اس بے بنیاد پروپیگنڈہ کی قولی اور عملی تردید کریں۔وفاق المدارس کی مجلس عاملہ کے اجلاس میں دینی مدارس کی رجسٹریشن کے حوالے سے اتحاد تنظیمات مدارس کے موقف کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں ہونے والی قانون سازی کا خیر مقدم کرتے ہوئے دینی مدارس کو فوری طور پر رجسٹریشن کروانے کا حکم دیا اورتمام صوبائی ناظمین کو ہدایت دی کہ وہ صوبائی اسمبلیوں سے قانون سازی کے لیے اراکین اسمبلی سے رابطے کریں اور صوبائی سطح پر بھی قانون سازی کروائیں۔

اس موقع پراس بات کا واضح طور پر اعلان کیا گیا کہ اب رجسٹریشن میں کسی قسم کے تاخیری حربے برداشت نہیں کیے جائیں گے۔وفاق المدارس کے قائدین نے سٹیٹ بینک آف پاکستان کی طرف سے سودی نظام کے خاتمے اور بینکنگ سسٹم کو اسلامائز کرنے کی کوششوں کو خوش آئند قرار دیا اور فیصلہ کیا کہ اس سلسلے میں منتخب اداروں اور شخصیات کی طرف سے ہرممکن رہنمائی اور معاونت مہیا کی جائے گی۔

مولانا محمد حنیف جالندھری نے وفاق المدارس کی مجلس عاملہ کے اجلاس کے دوران ہونے والے انتظامی فیصلوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وفاق المدارس کے نظام امتحانات کے معیار کو مزید بلند کرنے کے لیے آئندہ کے لیے وفاق المدارس کے شعبہ کتب کے امتحانات دو مراحل میں ہوں گے،دراسات دینیہ، تجوید، عامہ اور خاصہ کے امتحانات رجب کے آخری ہفتے میں ہوں گے،فوقانی درجات کے امتحانات شعبان کے پہلے ہفتے میں ہوں گے۔

مولانا جالندھری نے بتایا کہ ضمنی امتحانات کے پیپرز آئندہ تین دن کے بجائے چھے دن ہوں گے۔مولانا جالندھری نے بتایا کہ مدارس کا متوسطہ سوم(مڈل)کا نصاب رائج بھی کیا جائے گا اور باقاعدہ سرکاری طور پر منظور بھی کروایا جائے گااور اگلے مرحلے میں پرائمری،چھٹی ساتویں اور میٹرک کا نصاب تیار کروایا جائے گا۔اجلاس میں مولانا عبیداللہ خالد نائب صدر،مولانا سید سلیمان یوسف بنوری نائب صدر،مولانا سعید یوسف نائب صدر،مولانا محمد حنیف جالندھری ناظم اعلی،مولانا مفتی محمد طیب خازن وفاق،مولانا امداداللہ ناظم سندھ،مولانا حسین احمدناظم خیبر پختونخوا،مولانا مفتی صلاح الدین ناظم بلوچستان،مولانا زبیر احمد صدیقی ناظم پنجاب،مولانا مفتی عبدالرحمن ناظم پنجاب، اراکین مجلس عاملہ مولانا مفتی محمد طاہر مسعود،مولانا قاری احمد میاں تھانوی،مولانا مفتی حامد حسن،مولانا محمد قاسم،مولانا محمد انور،مولانا حسن جان،مولانا سید عبدالبصیر شاہ صاحب،مولانا قاری محمد طاہر،مولانا قاضی نثار احمد، مولانا عبدالستار،مولانا قاری عبدالرشید،مولانا مفتی محمد خالد،مولانا ناصر محمود سومرو،مولانا حسین احمد صاحب(چاغوی)،مولانا ظہور احمد علوی صاحب،مولانا یوسف خان نمائندہ سرپرست وفاق المدارس،مولانا عبدالمجید ناظم دفتر وفاق المدارس اور دیگر نے شرکت کی۔