پیپلز لیبر بیورو اور ریلوے محنت کش یونین کا آزاد کشمیر میں عوامی حقوق کی تحریک پر ریاستی اور انفرادی جبر و تشدد کی مذمت کرتے ہوئے جامع حل کا مطالبہ

جمعہ 3 اکتوبر 2025 20:35

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اکتوبر2025ء)پیپلز لیبر بیورو کے انچارج چوہدری منظور احمد اور ریلوے محنت کش یونین نے آزاد کشمیر میں عوامی حقوق کی تحریک پر ریاستی اور انفرادی جبر، گرفتاریوں اور تشدد کے واقعات کی مذمت کی ہے۔اپنے بیان میں انہوں نے ان اقدامات کو جمہوری اقدار پر کاری ضرب قرار دیتے ہوئے کہا کہ پرامن آوازوں کو دبانا ناقابل قبول ہے۔

انہوںنے کہاکہ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ جیسے کوئی سیاسی جماعتوں کے رول کو جان بوجھ کر ختم کیا جا رہا ہواور اس میں سیاسی جماعتوں کے اندر قیادتیں بھی ذمہ دار جو صورتحال کا بروقت ادراک ہی نہی کر پائیں۔کیونکہ یہ عمل تیسری بار تواتر کے ساتھ دہرایا گیا ہی-مشترکہ بیان میں جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے پیش کردہ مطالبات کو عوامی فلاح کے بنیادی نکات قرار دیا گیا۔

(جاری ہے)

رہنماؤں نے ان مطالبات کو دبانے کے لیے طاقت کے استعمال کو ناکام اور خطرناک پالیسی قرار دیا۔بیان میں مسلم کانفرنس کی طرف سے تشدد کا آغاز کرنے کی مذمت کی ہے اور پھیلائی جانے والی انتشار انگیز بیانیہ سازی کو مسترد کرتے ہوئے ان غنڈہ عناصر کے خلاف فوری کاروائی کا مطالبہ کیا ہی-اسلام آباد پریس کلب کے باہر احتجاج کرنے والے شہریوں اور صحافیوں پر تشدد، اور انٹرنیٹ و موبائل سروسز کی بندش کو آزادی اظہار اور معلومات تک رسائی کے بنیادی انسانی حقوق پر حملہ قرار دیا گیا۔

رہنماؤں نے کہا کہ ایسے فرسودہ ہتھکنڈے عوامی غصے کو مزید بڑھاتے ہیں۔ریلوے محنت کش یونین کے صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے ضلعی سیکرٹری جنرل انیس کشمیری سمیت تمام پرامن گرفتار رہنماؤں کی گرفتاری کو انتقامی کارروائی قرار دیتے ہوئے تحریک کے اسیران کی فوری اور غیر مشروط رہائی کا مطالبہ کیا گیا۔بیان میں تحریک کے دوران ہونے والے جانی نقصان پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا گیا اور زخمیوں سے ہمدردی کا اظہار کیا گیا۔

رہنماؤں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ خطے کی جمہوری روایات کے مطابق جاری مذاکرات کے ذریعے عوامی مطالبات کا پرامن، منصفانہ اور پائیدار حل فوری طور پر ممکن بنائی-تاکہ کسی بڑے سانحہ یا تصادم سے بچا سکے۔انہوں نے فریقین پر زور دیا کہ تشدد اور انتشار کی سوچ کو مسترد کرتے ہوئے کشمیری عوام کے حقوق، آزادی اور خودمختاری کے لیے پرامن راستہ تلاش کیا جائے۔پیپلز لیبر بیورو پاکستان کشمیر سمیت پاکستان اور دنیا بھر کے محنت کشوں کے معاشی،سیاسی اور سماجی حقوق کی پرامن جدوجہد کے ساتھ کھڑی ہے اور ہمیشہ کھڑی رہے گی۔