ورکر ہی پارٹی کے اصل محافظ،پیپلزپارٹی عوام کی خدمت کے مشن کو جاری رکھے گی،نثار احمد کھوڑو

ہفتہ 4 اکتوبر 2025 23:30

لاڑکانہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اکتوبر2025ء) پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو، حیدرآباد ڈویژن کے صدر عاجز دھامراہ اور جنرل سیکریٹری گیانچند اسرانی کی قیادت میں پی پی پی حیدرآباد ڈویژن کے اضلاع اور تحصیلوں کے نئے مقرر کردہ عہدیداران کے ساتھ بڑے قافلے کی صورت میں گڑھی خدا بخش پہنچے،جہاں پہنچنے پر ضلعی کونسل چیئرمین اعجاز احمد لغاری، سید ارشد راشدی، سلیم منگی، توفیق بھٹو اور دیگر نے ان کا استقبال کیا۔

انہوں نے شہید محترمہ بے نظیر بھٹو، قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو، بیگم نصرت بھٹو اور دیگر شہداء کے مزارات پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔شہداء کے مزارات پر حاضری کے بعد پی پی پی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کسی کو بھی "بے نظیر کارڈ" پر ناراض نہیں ہونا چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دریائے سندھ پاکستان کا ہے، لیکن اس پر سب سے پہلا حق سندھ کے لوگوں کا ہے۔

نثار احمد کھوڑو نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی پر حملوں کی باتیں چلتی رہیں گی، ہم عوام کی خدمت کر رہے ہیں۔ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری شہید محترمہ بے نظیر بھٹو اور قائدِ عوام شہید ذوالفقار بھٹو کے نقشِ قدم پر چل رہے ہیں۔پارٹی کا ورکر ہی دراصل پارٹی کا محافظ ہے، جنہوں نے ہمیشہ پارٹی کے حق کو ادا کیا ہے۔ آج حیدرآباد ڈویژن کے عہدیداران اور کارکنان بڑی تعداد میں ریلی کی صورت میں شہداء کے مزار پر پہنچ کر اپنے قائدین کو خراجِ عقیدت پیش کر رہے ہیں، جس پر ہمیں خوشی اور فخر محسوس ہو رہا ہے۔

اس موقع پرعاجز دھامراہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں پارٹی قیادت کا شکرگزار ہوں کہ انہوں نے ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت کے ایک ادنیٰ کارکن کو اتنی بڑی ذمہ داری سونپی ہے۔ ہم نچلی سطح تک تنظیم سازی کر کے پارٹی قیادت کی ہدایات کے مطابق عوام کی خدمت جاری رکھیں گے۔اس موقع پر حنا دستگیر، اعجاز احمد لغاری اور دیگر پارٹی رہنما بھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔