حکومت معاشرے میں قیام امن اور ملک میں بین المذاہب ہم اہنگی کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہے ، وزیر مملکت ارمغان سبحانی

اتوار 5 اکتوبر 2025 16:30

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اکتوبر2025ء) وزیر مملکت برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات چوہدری ارمغان سبحانی سے تحریک نفاذ فقہ جعفریہ ضلع سیالکوٹ کے نمائندہ وفد نے وریو ہاؤس میں ملاقات کی۔وزیر مملکت نے وفد کا استقبال کیا ۔بعد ازاں نمائندہ وفد اور وزیر مملکت کی تفصیلی نشست ہوئی جس میں ملک عزیز پاکستان میں امن و امان کی صورتحال، دہشت گردی اور فتنہ الہندوستان کے خلاف پاک فوج کی موثر کارروائیوں اور معاشرے میں قیام امن اور باہمی رواداری پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

اس موقع پر وزیر مملکت چوہدری ارمغان سبحانی نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہماری حکومت نے پاکستان میں بسنے والے ہر شہری کا تحفظ اپنا فرض سمجھا ہے اور اس فرض کو بطریق احسن پورا کیا جا رہا ہے ،جہاں کہیں لاءاینڈ آرڈر کے معاملات ہیں وہاں افہام و تفہیم کے ذریعے معاملات حل کر لیے جائیں گے کیونکہ یہ وطن سب کا ہے اور اس میں امن و امان کے لیے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہو گا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ فتنہ خوارج الہندوستان کے خلاف پاک فوج کے ساتھ مل کر کارروائیاں کی ہیں جن کے ذریعے ان کے فتنہ و فساد کے سینکڑوں ٹھکانے تباہ کیے ہیں اور سینکڑوں خوارج کو واصل جہنم کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی ، ہماری حکومت معاشرے میں قیام امن کے لیے اور ملک میں بین المذاہب ہم اہنگی کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ضلع سیالکوٹ میں تحریک نفاظ فقہ جعفریہ کا ایک کلیدی اور مثبت کردار ہے جس کو ہم سراہتے ہیں ، تحریک نفاذ فقہ جعفریہ نے ہمیشہ درپیش واقعات میں فرنٹ لائن پر ا ٓکر معاملات کو سلجھانے میں اپنا بھرپور مثبت کردار ادا کیا ہے ۔انہوں نے اپنی گفتگو میں کہا کہ موجودہ حکومت آپ کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی ،تمام واعظین اور ذمہ داران کو چاہیے کہ وہ اپنی تقاریر میں بین المذہب ہم آہنگی کے لیے لوگوں کو بھرپور قائل کریں تاکہ پر امن معاشرے کی تکمیل میں آسانی ہو ۔

نمائندہ وفد کے سربراہان مولانا سید ضیغم عباس ترمذی رابطہ سیکرٹری پنجاب ،چوہدری احسان اللہ دیال صدر ضلع سیالکوٹ نے حالیہ سیلاب میں بروقت اقدامات اور سیلابی علاقوں میں موجود رہنے پر وزیر مملکت چوہدری ارمغان سبحانی کی کوششوں کو سراہا اور ان کا شکریہ ادا کیا ۔اپنی گفتگو میں نمائندہ وفد کے سربراہان نے کہا کہ ہماری تنظیم نے ہمیشہ معاشرے میں معاملہ فہمی اور بین المذاہب ہم اہنگی کے لیے بھرپور کردار ادا کیا ہے ،ہم نے ملک عزیز پاکستان میں قیام امن کے لیے ہر حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت غزہ کے مسلمان اسلامی ممالک کی مدد کے منتظر ہیں ،تمام مسالک کو متحد ہو کر مظلوم کشمیری اور فلسطینی مسلمان بہن بھائیوں کی مدد کرنی چاہیے ۔ اس موقع پر تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کی ضلعی کابینہ، تمام تحصیلوں کے صدور اور ذیلی شعبہ جات کے ذمہ داران نے بھی شرکت کی۔شرکت کرنے والوں میں سید عمران صادق ،ملک محمد رفیق کھوکھر جنرل سیکرٹری ریجن گوجرانوالہ ،طاہر حسین شیرازی ایڈووکیٹ سیکرٹری ضلع سیالکوٹ، چوہدری مزمل حسین گوندل سٹی صدر سٹی سیالکوٹ ،سید غلام مصطفی صدر تحصیل سمبڑیال ،سید ظفر بخاری نائب صدر ضلع سیالکوٹ ،انعام حیدر نائب صدر تحصیل سیالکوٹ ،سید وصی شاہ جوائنٹ سیکرٹری تحصیل سیالکوٹ، ملک مولوی اصغر حسین نائب صدر ضلع سیالکوٹ، آغا شاہین نائب صدر سٹی سیالکوٹ،سید حیدر عباس نائب صدر تحصیل سیالکوٹ ،سید قاسم علی سیکرٹری نشر واشاعت تحصیل سیالکوٹ اور دیگر شامل تھے ۔