رینجرزسندھ کا منشیات کی روک تھام کیلئے آپریشن جاری، 3ملزمان گرفتار

پیر 6 اکتوبر 2025 16:44

رینجرزسندھ کا منشیات کی روک تھام کیلئے آپریشن جاری، 3ملزمان گرفتار
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اکتوبر2025ء) رینجرزسندھ نے منشیات کی روک تھام کیلئے آپریشن کے دوران 3ملزمان کو گرفتار کرکے منشیات اور اسکحہ برآمد کر لیا۔پیر کو ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق پاکستان رینجرز کا منشیات کی روک تھام کیلئے آپریشن کا سلسلہ جاری ہے،رینجرز سندھ نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے کراچی کے علاقے لانڈھی 3،بابر مارکیٹ اور ابراہیم حیدری ٹائون سے گٹکا /ماوا کی خرید وفروخت میں ملوث 3ملزمان محمد حسین خان ولدمحمد شمیم، محمد شمیم خان ولد محمد جعفر خان اور محمد عمر قریشی ولد عبدالو احدقریشی کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے2عدد9ایم ایم پسٹل(بغیر لائسنس)، 2عدد میگزین بمعہ ایمویشن، 2عد د موٹر سائیکلیں (بغیر کاغذات)، 2200کلو گرام چھالیہ، 760کلو گرام تمباکو،70کلو گرام پان پتی مصالحہ، 13کلو گرام کتھا، 2عدد پلاسٹک مکسچر، ایک عدد ڈیجیٹل ویٹ مشین، 2عد د ڈی وی آرز، 4عدد موبائل فونز اور نقدی بر آمد کرلی،جس میں برآمد شدہ چھالیہ کی مالیت لاکھوں روپے ہے۔

(جاری ہے)

گرفتار ملزمان لانڈھی 3بابر مارکیٹ اور ابراہیم حیدری ٹائون کے مختلف علاقوں میں گٹکا /ماوا کی خرید و فروخت میں ملوث تھے ۔ گرفتار ملزم محمد حسین گٹکا /ماوا کی خریدوفروحت میں دو ایف آئی آر میں مطلوب تھا جبکہ ملزم محمد شمیم کے خلاف ایک ایف آئی آر درج ہے۔پاکستا ن رینجرز سندھ کی جانب سے اسمگلنگ کے مکمل خاتمے تک آپریشن کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

گرفتار ملزمان کو بمعہ اسلحہ وایمونیشن، موٹر سائیکلوں،چھالیہ اور دیگر برآمدشدہ سامان سمیت مزید قانونی کارروائی کے لئے پولیس کے حوالے کر د یاگیا ہے۔رینجرز سندھ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ جرائم اور اسمگلنگ کے خاتمے کے لیے ایسے عناصر کے بارے میں اطلاع فوری طور پر قریبی رینجرز چیک پوسٹ، رینجرز ہیلپ لائن 1101 یا رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر 03479001111 پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے دیں۔اطلاع دینے والے کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔