مرکزی مسلم لیگ کراچی کا "آؤ سنبھالیں کراچی" مہم شروع کرنے کا اعلان

کراچی معاشی شہ رگ مگر حکمرانوں کی عدم توجہی کے باعث کھنڈر بن رہا ہے، صدر کراچی

پیر 6 اکتوبر 2025 18:45

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اکتوبر2025ء) مرکزی مسلم لیگ سندھ کے صدر فیصل ندیم نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے "آ ؤسنبھالیں کراچی" مہم کے آغاز کا اعلان کردیا ۔ اس مہم کے تحت شہر بھر میں عوامی احتجاج، آل پارٹیز کانفرنسز اور آگاہی پروگرام منعقد ہوں گے۔ 19 اکتوبر کو اورنگی تا کورنگی حقوق کراچی مارچ نکالا جائے گا ۔ جس میں عوام کی بڑی تعداد شریک ہوگی ۔

فیصل ندیم نے کہا کہ کراچی پاکستان کا معاشی شہ رگ ہے لیکن بدقسمتی سے حکمرانوں نے ہمیشہ اس شہر کو نظر انداز کیا۔ آج تک کراچی کی اصل آبادی کا تعین نہیں ہوسکا، جبکہ ترقیاتی منصوبے برسوں سے ادھورے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد اور لاہور میں منصوبے چند ماہ میں مکمل ہوجاتے ہیں لیکن کراچی میں ریڈ لائن، کے فور اور دیگر منصوبے التوا کا شکار ہیں۔

(جاری ہے)

یونیورسٹی روڈ کھود کر عوام کو اذیت دی جارہی ہے اور محض چند بسوں کو سڑک پر لانا ترقی نہیں ہے۔ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں آج بھی چنگچی اور گدھا گاڑیاں چل رہی ہیں جو حکمرانوں کی ناکامی کا ثبوت ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ میئر کراچی کو براہ راست عوام کے ووٹ سے منتخب کیا جائے اور امن و امان سمیت تمام اختیارات دیے جائیں تاکہ شہر کے مسائل مستقل بنیادوں پر حل ہوسکیں۔ فیصل ندیم نے کہا کہ کراچی کو بھتہ خوری اور بدامنی سے نجات دلانا وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے۔پریس کانفرنس میں کراچی کے صدر احمد ندیم اعوان سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے جنہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کراچی کے حقوق دلانے تک مہم ہر صورت جاری رہے گی۔