بھارتی سیاسی و فوجی قیادت مئی میں ہونے والی اپنی شکست کی ہزیمت مٹانے کیلئے جنگی بیانات دے رہی ہے، فیصل کریم کنڈی

پیر 6 اکتوبر 2025 19:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اکتوبر2025ء) گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی سے کشمیر کونسل یورپی یونین کے چیئرمین علی رضا سید نے ملاقات کی جس میں مقبوضہ کشمیر اور لداخ کی صورتحال اوربھارت کی بڑھتی ہوئی جارحیت پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔گورنر ہاؤس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گورنر فیصل کریم کنڈی نے کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کے اصولی مؤقف پر قائم ہے اور عالمی سطح پر اس مسئلے کو اجاگر کرتا رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی سیاسی و فوجی قیادت مئی میں ہونے والی اپنی شکست کی ہزیمت مٹانے کے لیے جنگی بیانات دے رہی ہے تاہم پاکستان اس کا بھرپور اور مؤثر جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

(جاری ہے)

علی رضا سید نے گورنر کو یورپ میں مسئلہ کشمیر کے حوالے سے جاری سفارتی و سیاسی سرگرمیوں سے آگاہ کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ عالمی برادری کو بھارت کی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے باخبر رکھنے کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ اگست میں گورنر فیصل کریم کنڈی کے دورۂ برسلز اور یورپی پارلیمنٹرین سے ملاقاتوں کے نتیجے میں یورپی دارالحکومتوں میں مسئلہ کشمیر اور پاکستان کے مؤقف کو نمایاں اہمیت دی جا رہی ہے۔ ملاقات میں خطے میں امن و سلامتی کے تناظر میں کشمیر تنازع کے پُرامن حل کی ضرورت پر زور دیا گیا اور اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی میں ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا۔ علی رضا سید نے گورنر فیصل کریم کنڈی کو نومبر میں عالمی صحافی سیڈریک گربائے کی کشمیر پر کتاب "Kashmir: Wait and See" کی اسلام آباد میں ہونے والی تقریبِ رونمائی میں شرکت کی دعوت بھی دی۔