آزاد کشمیر میں صورتحال پیدا ہونا ہی افسوسناک ہے، پرویز رشید

مشین سے من پسند چوزہ نکال کر اسے وزیراعظم بنا دیا گیا، اس شخص کو نہ کشمیری عوام جانتے تھے نہ اعتماد کرتے تھے، نجی ٹی وی سے گفتگو

پیر 6 اکتوبر 2025 20:45

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اکتوبر2025ء) مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں جو ہوا اس صورتحال کا پیدا ہونا ہی افسوسناک ہے۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز رشید نے کہا کہ دنیا جانتی ہے کہ کشمیریوں کے دل پاکستانیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں، اہل کشمیر بھی جانتے ہیں کہ ان کی آزادی کیلئے پاکستان نے قربانیاں دی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں حکومت کیلئے مسائل بنتے ہیں لیکن کشمیر میں کبھی مسئلہ نہیں بنا۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کی نمائندہ جماعتیں عوام کی نمائندگی کئی دہائیوں سے کرتی آرہی ہیں، ان پارٹیوں کو کونے کھدرے میں کردیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ مشین سے اپنا من پسند چوزہ نکال کر اسے وزیراعظم بنا دیا گیا، اس شخص کو نہ کشمیری عوام جانتے تھے نہ اس پر اعتماد کرتے تھے۔پرویز رشید کہا کہ حقیقی جماعتیں جب میدان میں آئیں تو معاملہ دو دن میں ختم ہوگیا، ہمیں آزاد کشمیر میں اس طرح کے تجربات سے گریز کرنا چاہئے۔