بھارتی قیادت کی اشتعال انگیز بیانات سے علاقائی امن و استحکام کو خطرہ لاحق

بھارتی قیادت ماضی کے واقعات سے سبق حاصل کرنے کی بجائے جارحانہ بیانات دے رہی ہے،، ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی

منگل 7 اکتوبر 2025 14:10

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اکتوبر2025ء) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے بھارت کی سیاسی اور عسکری قیادت کے اشتعال انگیز اورغیر ذمہ دارانہ جارحانہ بیانات کی شدید مذمت کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ بھارتی قیادت کے جنگی جنون سے پورے جنوبی ایشیاء کے خطے کے امن و استحکام کو خطرہ لاحق ہے ۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ڈی ایف پی کے ترجمان ایڈووکیٹ ارشد اقبال نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارتی وزیراعظم، وزیر دفاع اورسروسز چیفس کے دھمکی آمیز بیانات ان کی جارحانہ ذہنیت اور پاکستان سے دشمنی ظاہرہوتی ہے ۔ انہوں نے افسوس ظاہر کیاکہ بھارتی قیادت ماضی کے واقعات سے سبق حاصل کرنے کی بجائے جارحانہ بیانات دے رہی ہے جو کہ دونوں ہمسایہ جوہری طاقتوں کو ایک اور خطرناک تصادم کی طرف دھکیل سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

ایڈووکیٹ ارشداقبال نے کہا کہ اشتعال انگیز اور جارحانہ بیانات سے بی جے پی کو عارضی طورپر پر اپنی سیاسی ناکامیوں سے عوام کی توجہ ہٹانے میں تومدد مل سکتی ہے، لیکن اس طرح کے اقدامات علاقائی امن اور مسئلہ کشمیر سمیت دیرینہ تنازعات کے حل کی کوششوں کو شدید نقصان پہنچاتے ہیں۔انہوں نے مودی حکومت پر زوردیاکہ وہ ہٹ دھرمی، تصادم اورمحاذ آرائی کا رویہ ترک کرے اورتنازعہ کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب مسائل کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے کے لیے مثبت، تعمیری انداز اپنائے کیونکہ مسئلہ کشمیر ہی بھارت اور پاکستان کے درمیان کشیدگی کی بنیادی وجہ ہے۔

ڈی ایف پی کے ترجمان نے عالمی برادری سے بھارت کے بڑھتے ہوئے جنگی جنون کا نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے خبردار کیا کہ بھارت کی روایتی ہٹ دھرمی سے جنوبی ایشیا کے امن کو سنگین خطرہ لاحق ہے ۔