دورہ بھارت میں ویز ا معاہدے پر بات چیت منصوبے کا حصہ نہیں ،برطانوی وزیراعظم

بدھ 8 اکتوبر 2025 10:40

لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اکتوبر2025ء) برطانوی وزیراعظم کیئر سٹارمر نے کہا ہے کہ اُن کا ملک بھارت کے ساتھ ویزا معاہدے پر کوئی پیش رفت نہیں کرے گا۔ اردو نیوز کے مطابق انہوں نے بھارت کے دورے کے لئے روانہ ہوتے ہوئے صحافیوں کی جانب سے ویزوں کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ یہ منصوبے کا حصہ نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ دورہ ’آزاد تجارتی معاہدے سے فائدہ اٹھانے کے لیے ہے جو ہم پہلے ہی طے کر چکے ہیں۔

وزیراعظم کیئر سٹارمر نے کہا کہ ویزوں نے تجارتی معاہدے تک پہنچنے کی گزشتہ کوششوں کو روک دیا تھا اور یہ کہ ایک ایسے معاہدے تک پہنچنے کے بعد جس میں ویزوں کے کوئی مضمرات نہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ جمعرات کو بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات اور بات چیت میں اس معاملے پر دوبارہ غور نہیں کرنا چاہتے۔

(جاری ہے)

برطانوی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کاروبار اس کا فائدہ اٹھا رہے ہیں لیکن ویزا مسئلہ نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے ’ایچ ون بی‘ ویزوں پر فیسوں میں اضافے کے بعد بھارت سے ٹیک سیکٹر کے پیشہ ور افراد کو راغب کرنے کے لیے ویزوں کا معاملہ اس دورے میں بات چیت کا حصہ نہیں ۔ برطانوی وزیراعظم سے سوال کیا گیا کہ کیا وہ ان ممالک سے آنے والوں کو ویزے جاری کرنا بند کر دیں گے جو غیرملکی مجرموں کو واپس نہیں لے جائیں گے یا لوگوں کو ملک بدر کرنا چاہتے ہیں، جس پر برطانوی وزیراعظم نے کہا کہ یہ بھارت کے ساتھ ایک نان ایشو ہے کیونکہ اُن سے مجرموں کی واپسی کا معاہدہ ہے، لیکن یہ وہ معاملہ ہے جسے وہ زیادہ بڑے پیمانے پر دیکھنا چاہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم دیکھ رہے ہیں کہ کیا ویزا اور واپسی کے معاہدوں کے درمیان کوئی ربط ہونا چاہیے۔ واضح رہے کہ برطانوی وزیراعظم بدھ سے بھارت کا دو روزہ دورہ شروع کر رہے ہیں جس میں اُن کے ہمراہ مختلف کاروباروں سے منسلک ٹریڈ مشن بھی ہے جو تجارتی معاہدے کو آگے بڑھانے پر بات کرے گا۔