بھارتی اشتعال انگیز بیانات پورے جنوبی ایشیا کو عدم استحکام کی طرف دھکیل رہے ہیں،ملک امیر کابل

جمعرات 9 اکتوبر 2025 15:19

ڈڈیال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اکتوبر2025ء) صدر اوورسیز پاکستانیز ویلفیئر کونسل کشمیر فورم لندن ملک امیر کابل نے بھارت کی دفاعی اور عسکری قیادت کی طرف سے اشتعال انگیز بیان بازی کی شدید مذمت کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اس طرح کے بیانات پورے جنوبی ایشیا کو عدم استحکام کی طرف دھکیل رہے ہیں۔اپنے جاری کردہ خصوصی بیان میں ملک امیر کابل نے کہا کہ بھارت کے وزیر دفاع اور فوجی سربراہاں کے بیانات سے نئی دہلی کی خطرناک ذہنیت اور ہندوتوا پر مبنی تسلط اور جارحیت کے نظریے اورجنگی جنون کی عکاسی کرتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ بھارتی جرنیل مذاکرات اور تعاون کو فروغ دینے کے بجائے مودی حکومت کے انتہا پسندانہ بیانیے کو فروغ دے رہے ہیں،جنگ کے شعلے بھڑکا رہے ہیں اور علاقائی امن کے لیے کوششوں کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ یہ اشتعال انگیزیاں مقبوضہ جموں و کشمیر میں اپنی داخلی ناکامیوں اور عوامی تحریک سے توجہ ہٹانے کے لیے مودی حکومت کے ہتھکنڈوں کا حصہ ہیں۔

انھوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بھارت کے غیر ذمہ دارانہ طرز عمل کا سنجیدہ نوٹس لے۔ انہوں نے کہاکہ جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن کا انحصار اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے منصفانہ حل پر ہے۔انہوں نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں ہر عمر اور جنس کے کشمیریوں کی مسلسل گرفتاریوں اور ہراساں کیے جانے پر شدید تشویش کا اظہار کیا انہوں نے بھارت پر زوردیا کہ وہ کشمیر کے حوالے سے اپنی ہٹ دھرمی ترک کرے،ظالمانہ رویہ ختم کرے اور کشمیریوں اور پاکستان کے ساتھ بامعنی اور نتیجہ خیز بات چیت شروع کرکے ایک نئے باب کا آغاز کرے تاکہ دیرینہ تنازعہ کشمیر کو ہمیشہ کے لیے حل کیا جا سکے۔