27 اکتوبرکو پورے یورپ میں یوم سیاہ کے طورپرمنایا جائے گا، کل جماعتی کشمیر کوآرڈی نیشن کونسل برطانیہ

جمعہ 10 اکتوبر 2025 11:36

لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اکتوبر2025ء) برطانیہ کے شہر لندن میں کل جماعتی کشمیر کوآرڈی نیشن کونسل برطانیہ کے زیر اہتمام منعقدہ ایک تقریب کے مقررین نے 27اکتوبر کو پورے یورپ اور ترکیہ میں یوم سیاہ کے طورپر منانے کا اعلان کیا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق 1947میں اس دن بھارت نے جموں و کشمیر پر اپنی فوجیں اتار کر کشمیریوں کی خواہشات کے برخلاف اور برصغیر کی تقسیم کے منصوبے کو پامال کرتے ہوئے زبردستی قبضہ کرلیاتھا۔

تقریب میں کشمیری رہنمائوں اور سابق امیر جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر عبدالرشید ترابی نے شرکت کی۔اس موقع پرمنعقدہ مشاورتی اجلاس میں 27اکتوبرکو بھارتی ہائی کمیشن کے سامنے بھرپور احتجاج کا فیصلہ بھی کیا گیا ۔ احتجاج کا مقصد برطانوی عوام اور حکمرانوں کی توجہ دیرینہ تنازعہ کشمیر کی جانب مبذول کرانا ہے تاکہ کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے عالمی برادری پر دبائو بڑھایا جاسکے کیونکہ دیرینہ حل طلب تنازعہ کشمیر ہی جنوبی ایشیا میں پائید ار امن و استحکا م کے قیام میں بڑی رکاوٹ ہے۔

(جاری ہے)

مقررین نے کہا کہ رواں برس 27اکتوبر پورے یورپ کے علاوہ ترکیہ میں بھی بطور یوم سیاہ منایا جائے گا۔عبدالرشید ترابی سمیت مقررین نے اپنے خطاب میں مسئلہ کشمیر کی بین الاقوامی اہمیت اور مقبوضہ جموں وکشمیر کی موجودہ زمینی صورتحال کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی مظالم کے باوجود کشمیری عوام اپنے حق خودارادیت کے حصول کیلئے پر عزم ہیں ۔

عبدالرشید ترابی نے کہاکہ 15سے22اکتوبرتک اپنے دورہ ترکیہ کے دوران اپنے ترک بھائیوں کو مقبوضہ جموں وکشمیر اور جنوبی ایشیائی خطے کی موجودہ صورتحال کے بارے میں آگاہ کیاجائے گا ۔انہوں نے کہا کہ اس موقع پرامت کے خلاف بھارتی اور صہیونی مذموم عزائم کو بے نقاب کیاجائے گا۔ تقریب سے ریلیف آرگنائزیشن فار کشمیری مسلمز کے چیئرمین نذیر احمد قریشی ، سابق مئیر سلائو امجد عباسی،راجہ فہیم کیانی، محمد غالب کے علاوہ کونسلرز اور پریس کلب برطانیہ کے صدر نے بھی خطاب کیا ۔