برمنگھم ،کل جماعتی اجلاس کے شرکا کا جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار ،27اکتوبر کو لندن میں بھارتی ہائی کمیشن کے باہر احتجاج کی کال

جمعہ 10 اکتوبر 2025 14:00

برمنگھم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اکتوبر2025ء) آل پارٹیز انٹرنیشنل کشمیر کوآرڈینیشن کمیٹی کے صدر فہیم کیانی کی سربراہی میں برمنگھم میں کل جماعتی اجلاس منعقد کیاگیا۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق اجلاس میں مختلف سیاسی، مذہبی اور سماجی تنظیموں کے سینئر نمائندوں اور رہنمائوں نے شرکت کی ۔اجلاس کے شرکا نے بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کی موجودہ سنگین صورتحال اور حریت رہنمائوں اور کارکنوں کی مسلسل غیر قانونی نظربندی پر تشویش کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہاکہ مقبوضہ علاقے میں تعینات دس لاکھ سے زائد بھارتی قابض افواج نے کشمیری عوام کے تمام بنیادی سیاسی اور انسانی حقوق کوسلب کر رکھا ہے ۔اجلاس میں جموں و کشمیرمیں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں، ماورائے عدالت قتل اور جبری گمشدگیوں پر افسوس کا اظہار کیا گیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر جموں و کشمیر پر بھارت کے غیر قانونی فوجی قبضے کے خلاف 27اکتوبر کو لندن میں بھارتی ہائی کمیشن کے باہر احتجاجی مظاہرہ کرنے کا فیصلہ کیاگیا۔

مظاہرے میں اقوام متحدہ، برطانوی حکومت اور عالمی برادری سے مقبوضہ علاقے میں بھارتی مظالم کے خاتمے اور کشمیری عوام کوان کا حق خودارادیت دلانے کےلئے اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں پر عمل درآمدکےلئے بھارت پر دبائو بڑھانے کامطالبہ بھی کیاجائے گا۔اجلاس میں حریت رہنمائوں مسرت عالم بٹ، شبیر شاہ، یاسین ملک، آسیہ اندرابی ، ڈاکٹر عبدالحمید فیاض اوردیگر کی مسلسل غیر قانونی نظربندی کی شدید مذمت کی گئی۔

اجلاس سے مفتی فضل احمد قادری، فاروق القادری، مولانا طارق مسعود، چوہدری شکیل، زوہیب صادق، واجد برکی، شہریار کیانی، خواجہ سلیمان، ارم طاہر، نعیم کاکڑ، افتخار جگنو اور دیگر نے خطاب کیا اور کشمیریوں کی پرامن جدوجہد آزادی کی بھرپور حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔