کراچی میں تیار کردہ میڈیکل ڈیوائسز کی صنعت کو مکمل تعاون فراہم کیا جائے گا، سید مصطفیٰ کمال

ہفتہ 11 اکتوبر 2025 17:53

کراچی میں تیار کردہ میڈیکل ڈیوائسز کی صنعت کو مکمل تعاون فراہم کیا ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اکتوبر2025ء) وفاقی وزیر برائے قومی صحت سید مصطفیٰ کمال نے امید ظاہر کی ہےکہ میڈیکل ڈیوائسز کی برآمدات میں اضافہ ہوگا،کراچی میں تیار کردہ میڈیکل ڈیوائسز کی صنعت کو مکمل تعاون فراہم کیا جائے گا، اس شعبے کو درپیش طویل المدتی چیلنجز کو حل کرنے کی ضرورت ہے۔ضیاء الدین یونیورسٹی کے فیکلٹی آف فارمیسی اینڈ فارماسیوٹیکل سائنسز اور ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) کے اشتراک سے منعقدہ ایک سمینار "میڈ ان کراچی۔

میڈیکل ڈیوائسز" سے خطاب کرتے ہوئےانہوں نے اس شعبے کو درپیش طویل المدتی چیلنجز کو حل کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔انہوں نے یقین دلایا کہ جہاں ممکن ہوا وہاں مکمل تعاون فراہم کیا جائے گا۔ مصطفیٰ کمال نے شہر کی بڑھتی ہوئی میڈیکل ڈیوائسز کی صنعت کی مدد کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ صنعت کو درپیش مسائل کئی دہائیوں سے موجود ہیں اور ٹیم ورک اور جوابدہی کی ضرورت پر زور دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مسائل 60 سال پرانے ہیں، اور ہمیں ذمہ داری لیتے ہوئے مل کر ان کو حل کرنا ہوگا۔وفاقی وزیر نے اسٹیک ہولڈرز کے درمیان بہتر تعاون کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا تیزی سے ترقی کر رہی ہے اور ہمیں اس رفتار کو برقرار رکھنا ہوگا۔ کراچی ملک کا معاشی مرکز ہے۔انہوں نے عالمی سطح پر تسلیم شدہ اعلیٰ معیاری مصنوعات کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری مصنوعات کو بہترین معیار کی عکاسی کرنی چاہیے تاکہ برآمدات میں اضافہ ہو۔مصطفی کمال نے کہا کہ میڈیکل ڈیوائسز کی رجسٹریشن کا عمل آسان کردیا گیا ہے اور اسے 20 دنوں میں مکمل کیا جا سکتا ہے۔