Live Updates

فیلڈ مارشل کی بیباک قیادت میں پاک فوج نے افغانستان کی اشتعال انگیزی کا بھرپور جواب دیا ‘ شہباز شریف

دفاع پر کوئی سمجھوتا نہیں ہو گا،ملک کے چپے چپے کا دفاع کرنا خوب جانتے ہیں ،موثر کارروائی پر پاک فوج کو خرا ج تحسین پاک فوج نے ہمیشہ ہر قسم کی بیرونی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا ہے ،پوری قوم پاکستان کی سکیورٹی فورسز کے ساتھ ہے‘ وزیر اعظم

اتوار 12 اکتوبر 2025 14:15

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اکتوبر2025ء) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے افغانستان کی جانب سے پاکستان کے سرحدی علاقوں میں اشتعال انگیزی کی شدید مذمت اورافغانستان کی اشتعال انگیزی کے جواب میں پاکستان کی جانب سے بھرپور اور موثر کاروائی پر پاک فوج کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک افواج کی پیشہ ورانہ مہارت پر فخر ہے ۔

انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی بیباک قیادت میں پاک فوج نے افغانستان کی اشتعال انگیزی کا نہ صرف بھرپور جواب دیا بلکہ ان کی متعدد پوسٹس کو تباہ کر کے، ان کو پسپائی پر مجبور کیا۔ پاکستان کے دفاع پر کوئی سمجھوتا نہیں ہو گا اور ہر اشتعال انگیزی کا بھرپور اور موثر جواب دیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے اور ہم ملک کے چپے چپے کا دفاع کرنا خوب جانتے ہیں ،پاک فوج نے ہمیشہ ہر قسم کی بیرونی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا ہے ،پوری قوم پاکستان کی سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ پاکستان نے کئی دفعہ افغانستان کو وہاں موجود فتن الخوارج اور فتن الہندوستان جیسے دہشتگرد عناصر کے بارے میں معلومات دی ہیں، جو افغانستان کی سرزمین سے پاکستان کے خلاف کارروائیاں کر رہے ہیں ،دہشت گرد تنظیموں کو افغانستان میں موجود عناصر کی حمایت حاصل ہے ،پاکستان توقع رکھتا ہے کہ افغان نگران حکومت اس امر کو یقینی بنائے گی کہ اس کی سرزمین پاکستان کے خلاف دہشت گرد عناصر کے استعمال میں نہ آئے ۔
Live پاک افغان کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات