Live Updates

افغان فورسز کی جارحیت کا پاک فوج کی جانب سے منہ توڑ جواب، قوم کو اپنے محافظوں پر فخر ہے، میر شعیب نوشیروانی

اتوار 12 اکتوبر 2025 18:10

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اکتوبر2025ء) وزیر خزانہ بلوچستان میر شعیب نوشیروانی نے افغان فورسز کی جانب سے سرحدی علاقوں میں کی جانے والی جارحیت کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک فوج نے دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنا کر قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

اپنے جاری کردہ مذمتی بیان میں میر شعیب نوشیروانی نے کہا کہ ازلی دشمن بھارت کے کہنے پر افغانستان کی جانب سے حالیہ اشتعال انگیزی ایک سوچی سمجھی سازش ہے جس کا مقصد خطے میں عدم استحکام پیدا کرنا ہے، مگر پاکستان کے بہادر سپاہی ہر جارح قوت کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

میر شعیب نوشیروانی نے کہا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے، لیکن کسی کو بھی ہماری خودمختاری پر حملہ کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ افواجِ پاکستان نے ہمیشہ صبر و تحمل کے ساتھ حالات کو قابو میں رکھنے کی کوشش کی ہے، تاہم جارحیت کی صورت میں موثر اور بھرپور جواب دینا ہمارا حق اور فرض ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام اپنے شہدا اور غازیوں کو سلام پیش کرتے ہیں اور اس عہد کا اعادہ کرتے ہیں کہ قوم اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ پاکستان کی سلامتی، دفاع اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے قوم متحد ہے اور ہر قربانی دینے کو تیار ہے۔
Live پاک افغان کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات