میئر کراچی نے ایک ہفتے کے اندر ہی ضلع وسطی کے لیے تیسرا ترقیاتی منصوبہ شروع کر دیا

گزشتہ دو برسوں میں سخت فیصلے کیے گئے جن کے مثبت نتائج اب سامنے آ رہے ہیں،ہم نے باوضو اور باکردار لوگوں کو بتایا کہ عوام کے ٹیکس کے پیسوں سے کیسے خدمت کی جاتی ہے، منافقوں کو اچھا نہیں لگتا کہ شہر میں امید پیدا ہو رہی ہے،بیرسٹرمرتضیٰ وہاب

اتوار 12 اکتوبر 2025 18:35

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اکتوبر2025ء) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ گزشتہ دو برسوں میں سخت فیصلے کیے گئے جن کے مثبت نتائج اب سامنے آ رہے ہیں،ہم نے باوضو اور باکردار لوگوں کو بتایا کہ عوام کے ٹیکس کے پیسوں سے کیسے خدمت کی جاتی ہے، منافقوں کو اچھا نہیں لگتا کہ شہر میں امید پیدا ہو رہی ہے مگر ہم عوامی تعاون سے یہ سفر جاری رکھیں گے، کراچی کے عوام نے 19 جون 2023 کو پاکستان پیپلز پارٹی کو عزت بخشی اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری خود میئر اور ڈپٹی میئر کی تقریبِ حلف برداری میں شریک ہوئے، بلاول صاحب جب بھی ملاقات کرتے ہیں، تو پوچھتے ہیں کہ شہریوں کے مسائل کے حل کے لیے کیا اقدامات کیے جا رہے ہیں، ہم پاکستان پیپلز پارٹی والے ہیں، کراچی والے ہیں اور ہمیں فخر ہے کہ ہم اپنے شہر کو بہتر بنانے کے لیے دن رات کام کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

میڈیا کو بھی اب یہ بتانا چاہیے کہ باتیں کون کرتا ہے اور کام کون کرتا ہے۔ یہ بات انہوں نے ضلع وسطی کی یونین کونسل نمبر 7 اور 8 کی اندرونی گلیوں کے تعمیر کے منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد، سٹی کونسل میں ڈپٹی پارلیمانی لیڈر دل محمد ، سٹی کونسل کے ارکان اور ضلعی افسران بھی موجود تھے، میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ اس منصوبے کی مجموعی لاگت 16 کروڑ 1 لاکھ 36 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے، سڑک کی تعمیر کے لیے 50,000 مکعب فٹ میٹریل استعمال کیا جائے گا، سڑک کی استر کاری کے لیے 1,65,000 مربع فٹ رقبہ مختص کیا گیا ہے، میئر کراچی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کراچی میں بلا تفریق ترقیاتی کام کر رہی ہے، عوام کی سہولت اور شہر کی خوبصورتی کے لیے جو وعدے کیے تھے، وہ اب پورے ہو رہے ہیں، میئر کراچی نے کہا کہ کراچی میں ترقیاتی عمل اب نظر آنے لگا ہے، برنس روڈ اور سیکریٹریٹ کے اطراف 35 ملین روپے خرچ کیے جا رہے ہیں جبکہ رواں سال 28 ارب روپے ترقیاتی منصوبوں پر خرچ کیے جائیں گے، انہوں نے کہا کہ کراچی کی 106 سڑکوں پر تعمیراتی کام جاری ہیں، سڑکوں اور مارکیٹوں کو مرحلہ وار سولر انرجی سسٹم پر منتقل کیا جا رہا ہے تاکہ شہر میں توانائی کے بحران کو کم کیا جا سکے اور شہریوں کو سستی بجلی فراہم کی جا سکے، میئر کراچی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کراچی میں بلا تفریق ترقیاتی کام کر رہی ہے،انہوں نے کہا کہ میں قطعی طور پر یہ دعویٰ نہیں کرتا کہ شہر مکمل تبدیل کر دیا ہے مگر عوامی خدمت کا سفر جاری ہے۔

کراچی کے عوام نے ہمیں عزت دی ہے اور ہم یہ عزت کام کر کے واپس لوٹائیں گے، انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز بولٹن مارکیٹ، جوڑیا بازار اور بوتل گلی کا دورہ کیا تو لوگ کہہ رہے تھے کہ چالیس سال بعد علاقے میں ترقیاتی کام ہو رہے ہیں، اب وہ دور گزر گیا جب شہر پر بھتہ خوری اور بدانتظامی کا راج تھا، شہر کے پتھارے ختم ہونا چاہئیں، سڑک اور فٹ پاتھ عوام کے لیے بنائے گئے ہیں نہ کہ تجاوزات کے لیے، انہوں نے کہا کہ کے ایم سی پارکنگ کے پیسے نہیں لے رہی بلکہ ٹاؤن انتظامیہ وصول کر رہی ہے،میں عوام کے تعاون سے شہر سے چارج پارکنگ کا خاتمہ کر دوں گا، اگر کوئی غیر قانونی پارکنگ کے خلاف جانا چاہتا ہے تو عدالت کا دروازہ کھٹکھٹائے، منافقت اور دوغلے پن کو ختم کر کے شفاف نظام لائیں گے، میئر کراچی نے اس موقع پر اعلان کیا کہ حیدری پارکنگ ایریا کو بھی دوبارہ بحال کیا جائے گا جبکہ گجر نالے کے اطراف لیاری ایکسپریس وے کو ملانے والی سڑک تعمیر کی جا رہی ہے، میئر کراچی نے عزم ظاہر کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی عوامی خدمت کے مشن کو جاری رکھے گی اور بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں کراچی کو روشنیوں اور ترقی کا شہر بنایا جائے گا۔