وزیراعظم یوتھ پروگرام کا وی ایس او پاکستان اور برگد آرگنائزیشن فار یوتھ ڈویلپمنٹ کے اشتراک سے تاریخی لیٹر آف انٹینٹ پر دستخط

بدھ 14 جنوری 2026 22:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جنوری2026ء) وزیراعظم یوتھ پروگرام نے رضاکارانہ خدمات فراہم کرنے والے ادارے وولنٹری سروس اوورسیز (وی ایس او) پاکستان اور برگد آرگنائزیشن فار یوتھ ڈویلپمنٹ کے اشتراک سے وزیرِاعظم آفس اسلام آباد میں ایک تاریخی لیٹر آف انٹینٹ پر دستخط کیے جس کا مقصد ملک بھر میں 20 ہزار نوجوان رضاکاروں کی تربیت اور انہیں متحرک کرنا ہے۔

دستخط کی تقریب میں چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں نے شرکت کی۔ اس موقع پر رانامشہود احمد خان نے کہا کہ ان اداروں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کیا گیا ہے تاکہ جامع تبدیلی لانے اور پائیدار مواقع کے ذریعے پاکستان کے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو بروئے کار لایا جا سکے جن میں قومی ترقی کے عمل میں نوجوانوں کو مرکزی حیثیت حاصل ہو۔

(جاری ہے)

تقریب میں وزیراعظم یوتھ پروگرام کے جوائنٹ سیکرٹری وی ایس او پاکستان کے کنٹری نمائندے، برگد کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر اور ان کی متعلقہ ٹیموں نے شرکت کی۔ یہ سٹریٹجک شراکت داری نوجوان قیادت کو مضبوط بنانے، روزگار کے قابل بنانے اور کاروباری مواقع کو فروغ دینے، رضاکارانہ خدمات کو ادارہ جاتی شکل دینے اور فعال شہریت کو پاکستان کے پائیدار ترقیاتی ایجنڈے کا بنیادی ستون بنانے کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتی ہے۔

یہ اشتراک وزیراعظم یوتھ پروگرام کے 4E فریم ورک پر مبنی ہے جن میں تعلیم ، روزگار ، شمولیت/مصروفیت اور ماحول شامل ہیں۔ ان چاروں عناصر کا باہمی امتزاج بااختیار، ہنر مند اور سماجی طور پر ذمہ دار نوجوانوں کی ایک نسل تیار کرنے کے لیے وضع کیا گیا ہے۔ لیٹر آف انٹینٹ کے تحت شراکت دار ملک بھر میں منظم صلاحیت سازی اور رضاکارانہ پروگرامز مشترکہ طور پر تیار اور نافذ کریں گے جن میں قیادت کی مہارتیں، شہری صلاحیتیں اور رہنمائی (مینٹورشپ) شامل ہوں گی تاکہ نوجوان اپنی برادریوں میں مثبت تبدیلی لا سکیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ شراکت داری نوجوانوں پر مرکوز پالیسیوں کے لیے وکالت کو فروغ دے گی، نوجوانوں کو مہارتوں، وسائل اور رہنمائی سے جوڑنے کے لیے پلیٹ فارمز قائم کرے گی اور پروگرام کی توسیع و پائیدار وسائل کے حصول کے امکانات تلاش کرے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ صوبائی اور ضلعی سطح پر مربوط نفاذ، موثر رسائی، شفاف دستاویزات و رپورٹنگ اور مشترکہ تشہیر و برانڈنگ پر زور دیا گیا ہے، تاکہ تمام سرگرمیوں میں ہم آہنگی اور قومی سطح پر رسائی یقینی بنائی جا سکے۔

چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ یہ اشتراک پاکستان کے نوجوانوں کو قائدین اور تبدیلی کے معمار کے طور پر سامنے لاتا ہے، سماجی ہم آہنگی کو مضبوط کرتا ہے، جامع ترقی کو فروغ دیتا ہے اور قوم کے طویل المدتی مستقبل کی تشکیل میں معاون ثابت ہوتا ہے۔ یہ تاریخی اقدام نوجوانوں کو پائیدار ترقی، سماجی خدمت اور قوم کی تعمیر میں فعال کردار ادا کرنے کے لیے بااختیار بنانے کی جانب ایک فیصلہ کن قدم کی حیثیت رکھتا ہے۔