پہلگام فالس فلیگ آپریشن کا ایک سال مکمل ہونے پر راجناتھ کی جانب سے دہرائے جانے والا بیانیہ مایوسی اور واضح بے چینی کا عکاس ہے،خواجہ محمد آصف

جمعرات 2 اپریل 2026 21:55

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اپریل2026ء) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ پہلگام فالس فلیگ آپریشن کا ایک سال مکمل ہونے پر راجناتھ کی جانب سے دہرائے جانے والا بیانیہ مایوسی اور واضح بے چینی کا عکاس ہے،پاکستان کی تیاری مکمل ہےاور ہماراردِعمل تیز، متوازن اور فیصلہ کن ہوگا۔جمعرات کوبھارت کی جانب سےگیدڑ بھبکیوں پر واضح اور دو ٹوک موقف اختیار کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے سوشل میڈیا ایکس پر اپنی پوسٹ میں کہا کہ پہلگام فالس فلیگ آپریشن کا ایک سال مکمل ہونے پر راجناتھ کی جانب سے دہرائے جانے والا بیانیہ مایوسی اور واضح بے چینی کا عکاس ہے، پہلگام فالس فلیگ آپریشن بین الاقوامی طور پر بھی ثابت نہ ہوسکا اور اس نے بھارت کی طرف سے خود ساختہ بحرانوں پر انحصار کو ہمیشہ کے لئے بے نقاب کردیا،بھارت کی طرف سے اس نوعیت کی دھمکی آمیز زبان نئی نہیں بلکہ ایک متوقع جاہلانہ حرکت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ بالکل واضح ہے کہ بھارت اپنی اندرونی کمزوریوں کو بیرونی بنا کر پیش کرتا ہے ،بھارت گمراہ کن الزامات کی آڑ میں کشیدگی کو ہوا دیتا ہے تاکہ مخصوص سیاسی مفادات حاصل کئے جاسکیں۔وزیردفاع نے کہا کہ تاریخی طور پر یہ واضح ہے کہ ناکام مہم جوئی کے ہمیشہ سنگین نتائج برآمد ہوتے ہیں، معرکہ حق ہماری یادوں میں آج بھی زندہ ہے اورآئندہ ہمارارد عمل مزید مضبوط اور فیصلہ کن ہوگا، ہم یہ واضح کرنا چاہتے ہیں کہ پاکستان امن اور علاقائی استحکام کیلئے پرعزم ہے،پاکستان کی تیاری مکمل ہے اور ہمارا ردِعمل تیز، متوازن اور فیصلہ کن ہوگا۔

وزیر دفاع نے کہا کہ میں راج ناتھ سنگھ کو واضح پیغام دیتا ہوں کہ دو ایٹمی طاقتوں کے درمیان جنگ کا تصور بھی ناقابل فہم اور خطرناک نتائج کا حامل ہوگا، بھارت کے لیے بہتر یہی ہوگا کہ وہ اپنی اسٹریٹجک اور سفارتی دائرے میں بڑھتی ہوئی بے چینی کا سامنا کرے۔