Live Updates

وفاقی وزیر بورڈ آف انویسمنٹ کا گوجرانوالہ ایکسپو 2026کا دورہ ،صنعتکاروں اور تاجروں سے ملاقات

پیر 13 اپریل 2026 22:28

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اپریل2026ء) وفاقی وزیر برائے بورڈ آف انویسٹمنٹ قیصر احمد شیخ نے ایکسپو سینٹر کراچی میں منعقدہ گوجرانوالہ ایکسپو 2026کا دورہ کیا۔انہوں نے مختلف سٹالز کا جائزہ لیا اور گوجرانوالہ کے صنعتکاروں اور تاجروں سے ملاقات کی جبکہ قومی معیشت میں ان کے کردار کو سراہا۔اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو چاہیے کہ وہ وزیراعظم محمد شہباز شریف اور چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو نوبیل امن انعام کے لیے نامزد کریں تاکہ ان کی قیادت اور خطے میں امن کے فروغ کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار کو عالمی سطح پر تسلیم کیا جا سکے ۔

انہوں نے کہا کہ حالیہ ایران-امریکہ مذاکرات میں پاکستان کا سہولت کار کردار اس بات کا عکاس ہے کہ پاکستان عالمی سطح پر ایک اہم سفارتی حیثیت اور قابل اعتماد ملک کے طور پر ابھر رہا ہے، یہ پاکستان کے لیے باعث فخر لمحہ ہے، ایک ذمہ دار اور امن پسند ملک کے طور پر ہمارا کردار عالمی سطح پر تسلیم کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے 1971ء میں امریکہ اور چین کے درمیان تعلقات کی بحالی میں پاکستان کے تاریخی کردار کو بھی یاد کرتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات آج بھی پاکستان کی خارجہ پالیسی کی بنیاد ہیں۔

معاشی صورتحال پر روشنی ڈالتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ خطے میں امن اور استحکام پاکستان کے لیے نمایاں معاشی فوائد کا باعث بنیں گے، ملک اب قرضوں کے بجائے سرمایہ کاری کی بنیاد پر ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چین اور سعودی عرب کی بڑی کمپنیوں نے پاکستان میں اپنی سرمایہ کاری میں توسیع میں گہری دلچسپی ظاہر کی ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان نے معاشی استحکام حاصل کیا ہے اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہو رہا ہے۔

اس موقع پر رکن قومی اسمبلی حافظ الدین ایڈووکیٹ بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ حافظ الدین ایڈووکیٹ نے کہا کہ وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ کی قیادت میں سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے اور پاکستان کو ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے ایک پرکشش منزل کے طور پر فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔
Live ایران امریکا کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات