وفاقی وزیر خزانہ آئی ایم ایف سے قرض کی قسط جلد ملنے کیلئے پرامید

رواں مالی سال ترسیلات زر 41.5ارب ڈالر تک پہنچنے کی توقع ہے، وفاقی وزیرخزانہ محمد اورنگزیب

منگل 14 اپریل 2026 21:35

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اپریل2026ء) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے عالمی مالیاتی ادارہ سے قرض پروگرام کی نئی قسط کی منظوری جلد ہونے کی نوید سناتے ہوئے کہا ہے کہ آئی ایم ایف سے تقریبا 1.3ارب ڈالر کی قسط جلد ملنے کی توقع ہے جبکہ پروگرام میں اضافے یا تبدیلی کی ضرورت نہیں ہے۔واشنگٹن میں عالمی میڈیا سے گفتگو میں وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ فی الحال آئی ایم ایف کے پروگرام میں اضافے یا تبدیلی کی ضرورت نہیں ہے، معاشی صورت حال میں کمزوری آئی تو پھر آئی ایم ایف سے رجوع کیا جاسکتا ہے۔

انہوں نے بیرونی قرضوں کی ادائیگی اور مالی استحکام برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان فنڈنگ کیلئے تمام آپشنز پر غور کر رہا ہے، یورو بانڈ، سکوک اور کمرشل قرضوں پر کام جاری ہے اور زرمبادلہ کے ذخائر تقریبا 2.8ماہ کی درآمدات کے برابر ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان پہلی بار 25کروڑ ڈالر کا پانڈا بانڈ جاری کرنے جا رہا ہے، پانڈا بانڈ پروگرام کا مجموعی حجم ایک ارب ڈالر تک ہوگا، ایشیائی ترقیاتی بینک اور ایشین انفرا اسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کی سپورٹ ہوگی اور رواں مالی سال ترسیلات زر 41.5ارب ڈالر تک پہنچنے کی توقع ہے اور رواں مالی سال شرح نمو تقریبا 4فیصد رہنے کا امکان ہے۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ مشرق وسطی جنگ کے باعث تیل مہنگا ہونے سے معیشت پر دبائو بڑھا ہے، پاکستان سٹرٹیجک پیٹرولیم ذخائر بنانے پر بھی غور کر رہاہے۔ انہوں نے ایل پی جی اور ایندھن کے ذخائر بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا اور قابل تجدید توانائی کی طرف تیزی سے منتقلی کا عندیہ بھی دے دیا۔وزیر خزانہ نے امریکہ میں آئی ایم ایف ڈائریکٹر جہاد اظہور اور پاکستان کیلئے آئی ایم ایف مشن ٹیم سے بھی ملاقاتیں کیں، اس کے علاوہ امریکی محکمہ خزانہ کے ڈپٹی انڈر سیکریٹری سے بھی ملے، سعودی فنڈ برائے ترقی کے سی ای او، ماسٹر کارڈ کے چیف گلوبل افیئرز سے بھی ملاقات کی۔