سیالکوٹ انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے حج فلائٹ آپریشن کا باقاعدہ آغاز کردیا گیا ،ترجمان سیالکوٹ ائیرپورٹ

اتوار 19 اپریل 2026 12:44

سیالكوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2026ء) سیالکوٹ انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے حج فلائٹ آپریشن کا باقاعدہ آغاز کردیا گیا ہے۔ترجمان سیالکوٹ انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے مطابق وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے ائیرپورٹ پر عازمین حج کو الوداع کیا، 19 اپریل 2026سیالکوٹ انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے حج فلائٹ آپریشن کا باقاعدہ آغاز کردیا گیا،سیالکوٹ انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے ائیرسیال اور پی آئی اے کی جانب سے حج فلائٹ آپریشن کیا جائے گا۔

سیالکوٹ ائیرپورٹ سے حج کی پہلی پرواز پر خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب سیالکوٹ انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے بین الاقوامی ڈپارچر ٹرمنل میں منعقد کی گئی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف تقریب کے مہمان خصوصی تھے،تقریب میں صوبائی وزیر محنت اور افرادی قوت منشا اللہ بٹ، ممبر صوبائی اسمبلی پنجاب فیصل اکرام، چئیرمین سیال حسن علی بھٹی، سئنیر وائس چئیرمین ائرسیال قیصر اقبال بریار، وائس چئیرمین سیال وقاص افضل، حج ڈائریکٹریٹ کے افسران اور سیال کے ممبر بورڈ آف ڈائریکٹرز نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

معزز مہمانوں کی جانب سے تمام حجاج کرام کو پھولوں کے ہار سمیت تحائف تقسیم کیے گئے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چئیرمین سیال حسن علی بھٹی کا کہنا تھا کہ سیالکوٹ انٹرنیشنل ائیرپورٹ حج فلائٹ آپریشن پر تمام حجاج کرام کو غیر معمولی خدمات اور ہر ممکن معاونت فراہم کرنے میں پیش پیش رہیں گے۔ چیئرمین سیال حسن علی بھٹی کا یہ کہنا تھا کہ حج فلائٹ آپریشن میں شمولیت پر وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کے مشکور ہیں جنکی جانب سے ہمیشہ سیالکوٹ انٹرنیشنل ائیرپورٹ کو معاونت ملی۔

تقریب میں وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ سیالکوٹ سمیت تمام دیگر شہروں کے مسافروں کے آسان اور بروقت سفر کیلئے سیالکوٹ ائیرپورٹ ایک اہم ترین ائیرپورٹ ہے،اس خطے سے تعلق رکھنے والے تمام حجاج کرام کو سیالکوٹ انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر بہترین سفری سہولیات میسر ہیں اور تمام حجاج کرام کو حج کی پیشگی مبارک باد دی اور پاکستان کیلئے خصوصی دعاوں کی اپیل بھی کی۔ سیالکوٹ انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے حج کی پہلی پرواز پی ایف7702، 157 حجاج کرام کو لے کر روانہ ہوئی۔ جبکہ حج کی دوسری پرواز پی کے 747 سیالکوٹ سے 393 حجاج کرام کو لے کر مدینہ منورہ کیلئے روانہ ہوئی۔